عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے کہا کہ ہماری پارٹی نے اپنا وعدہ نبھایا ہے اور کارپوریشن کے عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کا تاریخی فیصلہ لیا ہے۔


فائل تصویر آئی اے این ایس
دہلی ایم سی ڈی میں ایک تاریخی فیصلہ لیتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے تمام محکموں کے 12000 عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس تجویز کو 25 فروری کو ہونے والی ایم سی ڈی ہاؤس میٹنگ میں منظوری دی جائے گی۔ اب آپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے بھی اس پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے ملازمین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، “ایم سی ڈی کے تمام 12,000 عارضی ملازمین کو نیک خواہشات۔ عام آدمی پارٹی نے اپنا وعدہ نبھاتے ہوئے کارپوریشن کے ان عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے۔ یہ تجویز 25 فروری کو ایم سی ڈی ہاؤس کی میٹنگ میں منظور کی جائے گی۔‘‘
دہلی اسمبلی انتخابات ہارنے کے بعد، اگرچہ عام آدمی پارٹی اب اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی، لیکن ایم سی ڈی میں اب بھی اس کی حکومت ہے۔ سابق وزیر اعلی اور عآپ رہنما آتشی نے اتوار کو 12,000 ملازمین کو مستقل کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پہلے ہی 4500 ملازمین کو مستقل کر چکے ہیں اب 25 فروری کو مزید 12000 ملازمین کو مستقل کر دیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عام آدمی پارٹی جو بھی وعدہ کرتی ہے اسے پورا کرتی ہے۔
عام آدمی پارٹی کی رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ آتشی نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، “ہم نے ایم سی ڈی کے عارضی ملازمین سے جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کرنے جا رہے ہیں۔ ملک کی تاریخ میں، کسی بھی حکومت نے اتنا بڑا فیصلہ نہیں لیا، جو ایم سی ڈی کی “عآپ” حکومت اروند کیجریوال جی کی رہنمائی میں لینے جا رہی ہے۔‘‘