ولی فقیہ کی اطاعت شہید حسن نصراللہ کی وصیت ہے، سید ہاشم الحیدری

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق حزب اللہ کے سابق سربراہ شہید حسن نصراللہ کی یاد میں قم میں ایک تعزیتی تقریب منعقد ہوئی۔

حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومہ میں ہونے والی اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عراقی تنظیم عهده الله کے سیکریٹری جنرل حجت الاسلام ہاشم الحیدری نے کہا کہ شہید حسن نصراللہ رہبر معظم سے عشق رکھتے تھے۔ میں نے ان کے ساتھ 16 سال گزارے۔ انہوں نے وصیتنامہ کے ذریعے یہ پیغام دیا کہ ولی امر مسلمین حضرت امام خامنہ ای کی اطاعت، محبت اور پیروی کی جائے۔

ہاشم الحیدری نے کہا کہ یمن میں جنگ شروع ہونے کے بعد میں سید حسن نصر اللہ کے ساتھ تھا۔ اس وقت انہوں نے بتایا کہ کچھ عرب ممالک نے ان سے کہا کہ اگر وہ ولایت فقیہ اور ایران کو چھوڑ دیں تو انہیں ‘سید العرب’ کہا جائے گا، لیکن انہوں نے اس کا انکار کیا۔ یہی وجہ ہے کہ وہ شہید ولایت فقیہ کہلائے۔

‘عهده الله عراق’ کے سربراہ نے کہا کہ حزب اللہ لبنان کی بنیاد اسلامی انقلاب ایران کی کامیابی کے تین سال بعد امام خمینی کے حکم پر رکھی گئی۔ امریکہ کے لبنان میں داخل ہونے کے بعد علما کی ایک جماعت امام خمینی کی خدمت میں حاضر ہوئی تو امام خمینی نے حزب اللہ لبنان کی تشکیل کا حکم جاری کیا۔ اس وقت حزب اللہ لبنان کا ہتھیار محدود اور پرانا تھا، مگر امید کے ساتھ انہوں نے اپنا کام شروع کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سید حسن نصر اللہ خدا پر پختہ ایمان رکھتے تھے۔ شہید سید حسن نصر اللہ نے 33 سال کی عمر میں حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل کا عہدہ سنبھالا۔ ان کی بہترین اور بصیرت آمیز قیادت کی بدولت آج حزب اللہ صہیونی حکومت کے سامنے مستحکم طاقت بن گئی ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *