مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینی تحریک حماس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے شہدائے مقاومت سید حسن نصر اللہ اور سید ہاشم صفی الدین کے سفر آخرتے کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
حماس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم شہید حسن نصر اللہ اور سید ہاشم صفی الدین کے یوم وداع کے موقع پر ان کی پاکیزہ روحوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور فلسطین کی حمایت میں ان کے مضبوط مؤقف اور راہ قدس میں شہادت کو یاد کرتے ہیں۔
اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم دو عظیم شہیدوں سید حسن نصر اللہ اور سید ہاشم صفی الدین کو الوداع کہتے ہیں اور ایک بار پھر لبنان کے عوام، عرب قوم، ملت اسلامیہ اور مزاحمت کے لئے اس مصیبت پر صبر و استقامت کی دعا کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس عظیم دن کے موقع پر ہم شہید سید حسن نصر اللہ کے شجاعانہ موقف، مسئلہ فلسطین پر ان کی ثابت قدمی اور غزہ کے عوام پر صیہونی جارحیت اور نسل کشی کے خلاف ایک حمایتی محاذ بنانے پر ان کے اصرار کو یاد کرتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ فلسطین، لبنان اور دنیا میں کہیں بھی مزاحمتی کمانڈروں کے قتل کی صیہونی بزدلانہ کارروائیاں اس مبارک راستے کے تسلسل کو کبھی نہیں روک سکیں گی بلکہ اس سے شہید کمانڈروں کے راستے پر چلنے کے ہمارے جذبے اور ارض فلسطین کو غاصب صیہونیوں کے وجود سے پاک کرنے کے عزم میں اضافہ ہوگا۔