
حیدرآباد: جی ایم آر حیدرآباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ (جی ایچ آئی اے ایل) نے جمعہ کے روز انڈیگو ایئرلائنز کے ذریعہ حیدرآباد سے مدینہ منورہ کیلئے نئی پروازوں کو شروع کرنے کا اعلان کیا۔
افتتاحی پرواز جوش و خروش اور خوشی کے ماحول میں روانہ ہوئی، جس میں جی ایچ آئی اے ایل کے سینئر عہدیدار سوار تھے۔
یہ نئی سروسس ہفتہ میں تین دن، یعنی پیر، جمعرات اور ہفتہ کو چلائی جائے گی، جبکہ پرواز کا دورانیہ تقریباً 5 گھنٹے 47 منٹ ہوگا۔
جی ایم آر حیدرآباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ کے سی ای او پردیپ پانیکر نے کہا یہ نیا روٹ نہ صرف ہمارے بین الاقوامی نیٹ ورک کو وسعت دیتا ہے بلکہ ہمارے مسافروں کو ایک منفرد سفری سہولت بھی فراہم کرتا ہے، جو حیدرآباد کو دنیا کے سب سے زیادہ زیارت کیے جانے والے مذہبی شہروں میں سے ایک، مدینہ منورہ سے جوڑتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا جنوبی ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا کے مسافروں کے لیے یہ نیا روٹ مزید سفری مواقع فراہم کرے گا، کیونکہ حیدرآباد اب ایک ابھرتے ہوئے عالمی مرکز کے طور پر مشرقِ وسطیٰ کے مختلف مقامات تک وسیع تر کنیکٹیویٹی پیش کر رہا ہے۔