
حیدرآباد ۔ بی آر ایس پارٹی کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ (کے سی آر) طبی معائنہ کے لیے آج گچی باؤلی میں واقع اے آئی جی ہاسپٹل پہنچے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق،ض وہ معمول کے طبی معائنہ کے لیے اسپتال گئے تھے اور چیک اپ مکمل ہونے کے بعد گھر واپس لوٹ آئیں گے۔
چہارشنبہ کے دن یعنی کل بی آر ایس پارٹی کے مرکزی دفتر میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں کے سی آر نے شرکت کی تھی۔ان کی آمد کی خبر ملتے ہی تلنگانہ بھون میں انہیں دیکھنے کے لیے نوجوانوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی تھی۔
چونکہ وہ کئی دنوں بعد تلنگانہ بھون آئے تھے اس لیے نوجوانوں میں جوش و خروش دیکھا گیا، بہت سے نوجوان ان کے ساتھ سیلفی لینے کے خواہشمند تھے اگرچہ پارٹی نے اعلان کیا تھا کہ کے سی آر دوپہر 1 بجے پہنچیں گے لیکن پارٹی کے حامی صبح 10 بجے سے ہی گیٹ کے باہر انتظار کر رہے تھے۔
پارٹی کی جانب سے صرف منتخب قائدین کو اندر جانے کی اجازت دی گئی جب کہ باقی حامی باہر انتظار کرتے رہے۔ جیسے ہی دوپہر 2 بجے کے بعد کے سی آر وہاں پہنچے تلنگانہ بھون کے باہر موجود حامی اچانک آگے بڑھنے لگے نعرے لگانے لگے۔