سری نگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں طویل خشک موسمی صورتحال کا سلسلہ کسی حد تک ٹوٹ گیا اور دوران شب ہی سیاحتی مقامات گلمرگ سمیت وادی بالخصوص جنوبی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشیں ہوئیں۔
اطلاعات کے مطابق گلمرگ اور ٹنگمرگ سمیت جنوبی کشمیر کے بالائی علاقوں میں رک رک کر برف باری کا سلسلہ رک رک کر جاری ہے جبکہ میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشیں ہو رہی ہیں۔
کشمیر ویتھر کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران1.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں 7.5 سینٹی میٹر برف ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں 2.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 7.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں 2.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالترتیب6.0 ملی میٹر اور 4.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل میں بالترتیب 1.0 ملی میٹر اور3.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
جنوبی کشمیر کے پلوامہ، شوپیاں، کولگام اور اننت ناگ اضلاع میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالترتیب 2.0 ملی میٹر، 5.0 ملی میٹر، 4.5 ملی میٹر اور 3.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں 20 فروری کی شام سے موسم میں بہتری واقع ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ 21 سے23 فروری تک موسم جزوی ابر آلود مگر خشک رہنے کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وادی میں 24 اور 25 فروری کو موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 26 سے 28 فروری تک بھی موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری کا امکان ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا ہے کہ وہ ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں۔
ادھر وادی میں لوگ بالخصوص کسان برف وبارں کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں بلکہ اس کے لئے عبادتگاہوں میں خصوصی دعائیں بھی کی جا رہی ہیں۔
وادی میں خشک موسم صورتحال سے جہاں وادی کئی چشمے سوکھ گئے ہیں، وہیں اس دوران کئی علاقوں کے جنگلوں میں آتشزدگی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں سال رواں کے پہلے ڈیڑھ ماہ کے دوران بارش کی 79 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اس دوران جموں میں بارش کی 84 فیصد کمی درج ہوئی ہے۔