مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ایران اور قطر کے اعلی سطحی وفود کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ہمیشہ استحکام کی جانب گامزن رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ مذہبی اور ثقافتی اقدار کے ساتھ ساتھ مشترکہ مفادات تہران اور دوحہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط اور مزید وسعت دینے میں معاون ثابت ہورہے ہیں۔
صدر پزشکیان نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ معاہدوں پر عملدرآمد میں تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان معاہدوں پر عملدرآمد تعاون کی سطح کو بہتر بنانے کے علاوہ ایران اور قطر کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ تعلقات کے نئے افق تخلیق کرے گا۔
انہوں نے علاقائی اور عالمی مسائل بالخصوص غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے میں قطر کے موثر اور تعمیری کردار کو سراہا۔
اجلاس کے دوران امیر قطر نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس عمل کو تیز کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور قطر کے درمیان تعلقات طویل عرصے سے دوستانہ اور خوشگوار رہے ہیں۔ حالیہ برسوں میں باہمی تعلقات میں اضافے کے باوجود ہم اب بھی مطلوبہ سطح سے بہت دور ہیں۔
شیخ تمیم بن حماد الثانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم اقتصادی تعاون پر باقاعدگی سے مشترکہ کمیشن قائم کرکے دونوں ممالک کے روابط اور تبادلوں کو مطلوبہ سطح پر لانے کی کوشش کریں گے۔