
نئی دہلی۔ دہلی کا چیف منسٹر کون ہوگا، اس سے متعلق سسپنس اب ختم ہو چکا ہے۔ شالیمار باغ اسمبلی حلقہ سے کامیاب ہونے والی ریکھا گپتا کو دہلی کا نیا چیف منسٹر مقرر کرنے پر اتفاق رائے قائم ہو گیا ہے۔ 20 فروری یعنی کل نئے چیف منسٹر کی حلف برداری تقریب ہوگی اور لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ دوپہر 12:35 بجے نئے چیف منسٹر کے علاوہ کابینہ کے کچھ دیگر وزراء کو بھی حلف دلائیں گے۔
پہلے حلف برداری تقریب 4:30 بجے مقرر تھی لیکن اب وقت تبدیل کر دیا گیا ہے۔ بی جے پی کے مبصر روی شنکر پرساد اور اوم پرکاش دھنکھر نے آج پارٹی اراکین اسمبلی سے فرداً فرداً بات چیت کی اور سب کی رائے جاننے کے بعد ریکھا گپتا کے نام پر مہر لگا دی گئی۔ اس سے قبل چیف منسٹر کے عہدے کے لیے کئی نام سرخیوں میں تھے لیکن ریکھا گپتا نے بازی مار لی۔
مقننہ پارٹی کی میٹنگ میں وجیندر گپتا اور پرویش ورما نے ریکھا گپتا کے نام کی تجویز رکھی۔ جیسے ہی ان کے نام کا اعلان ہوا، بی جے پی دفتر میں جشن کا ماحول بن گیا اور حامیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔جیسے ہی چیف منسٹر کے لیے ریکھا گپتا کے نام پر مہر لگی اور یہ خبر ان کے گھر پہنچی، تو وہاں جشن کا آغاز ہو گیا۔ ان کے حامی بڑی تعداد میں ان کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے، اور ڈھول نگاڑوں کی گونج شروع ہو گئی۔ اس خوشی کے موقع پر کئی لوگوں نے پٹاخے بھی چھوڑے۔
ریکھا گپتا نے اس دوران سبھی کا شکریہ ادا کیا اور بی جے پی کے سرکردہ لیڈران کے تئیں بھی اظہارِ تشکر کیا۔ رکھا گپتا اور دیگر بی جے پی اراکین اسمبلی نے لیفٹیننٹ گورنر کے پاس جا کر حکومت سازی کا دعویٰ بھی پیش کر دیا ہے۔ کل ہونے والی حلف برداری کی تیاریاں عروج پر ہیں، جبکہ مبارکباد دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور اتر پردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ سمیت کئی سیاسی لیڈران نے انھیں مبارکباد پیش کی ہے۔