طویل انتظار کے بعد بدھ کی شام بی جے پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کے لیے ریکھا گپتا کے نام پر مہر لگی، وہ شالیمار باغ اسمبلی حلقہ سے رکن اسمبلی ہیں۔


ریکھا گپتا کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بی جے پی لیڈران، تصویر@BJP4Delhi
دہلی کے نئے وزیر اعلیٰ سے متعلق جاری سسپنس اب ختم ہو چکا ہے۔ شالیمار باغ اسمبلی حلقہ سے فتحیاب ہوئیں ریکھا گپتا کو دہلی کا نیا وزیر اعلیٰ بنانے پر اتفاق رائے قائم ہوا ہے۔ 20 فروری یعنی کل صبح تقریباً 11 بجے نئے وزیر اعلیٰ کی حلف برداری تقریب شروع ہوگی، اور لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ 12.35 بجے نئے وزیر اعلیٰ کے علاوہ کابینہ کے کچھ دیگر وزراء کو حلف دلائیں گے۔ پہلے حلف برداری تقریب 4.30 بجے مجوزہ تھی، لیکن اب یہ وقت بدل گیا ہے۔
بی جے پی کے مبصر روی شنکر پرساد اور اوم پرکاش دھنکھڑ نے آج پارٹی اراکین اسمبلی سے فرداً فرداً بات چیت کی اور سبھی کی رائے جاننے کے بعد ریکھا گپتا کے نام پر مہر لگائی گئی۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ عہدہ کے لیے کئی نام سرخیوں میں تھے، لیکن ریکھا گپتا نے بازی مار لی۔ قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں وجیندر گپتا اور پرویش ورما نے ریکھا گپتا کے نام کی تجویز رکھی۔ ان کے نام کا اعلان ہوتے ہی پارٹی دفتر میں جشن کا ماحول بن گیا اور حامیوں میں خوشی کی لہر دیکھنے کو ملی۔
جیسے ہی وزیر اعلیٰ کے لیے ریکھا گپتا کے نام پر مہر لگی، اور یہ خبر ان کے گھر پہنچی تو ان کے گھر میں جشن شروع ہو گیا۔ ان کے حامی بڑی تعداد میں رہائش پر پہنچنے لگے اور ڈھول نگاڑوں کی آواز گونجنی شروع ہو گئی۔ اس خوشی کے عالم میں کئی لوگوں نے پٹاخے بھی چھوڑے۔ ریکھا گپتا نے اس دوران سبھی کا شکریہ ادا کیا اور بی جے پی کے سرکردہ لیڈران کے تئیں بھی اظہارِ تشکر کیا۔ ریکھا گپتا اور دیگر بی جے پی اراکین اسمبلی نے لیفٹیننٹ گورنر کے پاس پہنچ کر حکومت سازی کا دعویٰ بھی پیش کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کل ہونے والی حلف برداری کی تیاریاں بھی عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ ساتھ ہی ریکھا گپتا کو مبارکباد پیش کیے جانے کا ایک دراز سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سمیت کئی سیاسی لیڈران نے انھیں مبارکباد پیش کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ شالیمار باغ سے رکن اسمبلی ریکھا گپتا کا سیاسی سفر جدوجہد کے ساتھ ساتھ حصولیابیوں بھرا بھی رہا ہے۔ان کی پیدائش 19 جولائی 1974 کو ہریانہ کے جولانا علاقہ میں ہوا تھا۔ انھوں نے دہلی یونیورسٹی سے کامرس میں گریجویشن کرنے کے بعد مینجمنٹ و آرٹس میں ماسٹرس کی ڈگری حاصل کی۔ ان کا سیاسی سفر 1993 میں اے بی وی پی سے شروع ہوا۔ 97-1996 میں وہ دہلی یونیورسٹی طلبا یونین کی صدر بنیں۔ اس کے بعد 2007 اور 2012 میں انھوں نے نارتھ پیتم پورہ سے میونسپل کارپوریشن کونسلر کا انتخاب جیتا۔ 2022 میں وہ دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے میئر عہدہ کی بی جے پی امیدوار بھی رہیں۔ 2025 کے دہلی اسمبلی انتخاب میں انھوں نے شالیمار باغ سیٹ سے عآپ امیدوار کو 29 ہزار 595 ووٹوں کے فرق سے ہرایا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔