راہول گاندھی نے سلطان پور کے موچی کو دہلی بلا کر اپنا مہمان بنایا (ویڈیو)

سلطان پور (یوپی) (پی ٹی آئی) گذشتہ برس جولائی میں راہول گاندھی نے ایک موچی کی دکان کے سامنے رک کر اس سے ملاقات کی تھی‘ انہوں نے اس سے جوتا سازی بھی سیکھی تھی۔

8ماہ بعد کانگریس قائد نے موچی رام چھیٹ کو نئی دہلی میں اپنے بنگلہ میں بلایا۔ موچی کی ملاقات سونیاگاندھی اور پرینکا گاندھی سے بھی ہوئی۔ اس ٹرپ کے باقاعدہ انتظامات کئے گئے تھے۔ موچی اور اس کی فیملی کو سلطان پور سے دہلی آنے اور واپس جانے کے ٹکٹ دئیے گئے۔ قیام وطعام کا بھی انتظام کیاگیا۔

رام چھیٹ نے کہا کہ اسے کئی ماہ سے راہول گاندھی سے ملاقات کا انتظار تھا۔ آخرکار 13 فروری کو یہ ملاقات ہوگئی۔ دہلی پہنچتے ہی ایک کار منتظرتھی اور رام چھیٹ کو راہول گاندھی کے بنگلہ تک لے گئی۔ راہول گاندھی نے موچی کو گلے لگایا۔ پرینکا گاندھی بھی موجود تھیں۔ تھوڑی دیر بعد سونیاگاندھی وہاں آگئیں۔

رام چھیٹ نے پی ٹی آئی کو بتایاکہ ملاقات زائداز ایک گھنٹہ جاری رہی۔60 سالہ موچی کے ساتھ اس کا بیٹا‘بڑا پوتا‘بیٹی اور داماد موجود تھے۔ سابق صدرکانگریس نے رام چھیٹ کو بزنس بڑھانے میں بھی مدد دی۔ موچی نے کہا کہ راہول گاندھی نے اس کے بیٹے کو مشورہ دیاکہ ترقی پر توجہ دی جائے۔

انہوں نے اسے دہلی میں اعلیٰ معیار کے جوتے اور چپل بنانے کی ٹریننگ دلوانے اور بیرون ملک روانہ کرنے کی بھی پیشکش کی۔ راہول گاندھی نے اس سے اس کے دھندہ اور مہارت کے بارے میں پوچھا۔ موچی نے کہا کہ اس نے راہول گاندھی‘پرینکا گاندھی اور سونیاگاندھی کو چپل بطور تحفہ دئیے۔

اس نے یاددلایاکہ 26جولائی2024ء کو لکھنو جاتے ہوئے راہول گاندھی اس کی دکان میں آئے تھے۔ انہوں نے اس سے جوتا سازی سیکھی تھی۔ بعدازاں انہوں نے دہلی سے ماڈرن سیونگ مشین اور جوتے چپل بنانے کا سامان روانہ کیاتھا۔

رام چھیٹ کی دو دکانیں ہیں۔ اس نے کہا کہ راہول گاندھی نے موچیوں کی مہارت کی تعریف کی۔ بدقسمتی سے ہماری برادری کو سماج میں زیادہ عزت نہیں ملتی۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ انتہائی قیمتی جوتے مشین سے نہیں بلکہ ہاتھ سے بنائے جاتے ہیں۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *