لفٹ میں بچہ پر خاتون کا حملہ، لوگ کثیر تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے، ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل

گریٹرنوئیڈا(اترپردیش) (آئی اے این ایس) اترپردیش کے گریٹرنوئیڈا میں گورسٹی۔II‘ کی بارہویں ایونیوسوسائٹی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ لفٹ کے اندر ایک بچے پر ایک خاتون کے حملہ کا سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پروائرل ہوا جس پر بڑے پیمانہ پر برہمی پھیل گئی۔

اس ویڈیو نے مقامی عوام کو احتجاج کرنے پر مجبور کردیا اور پولیس کو مداخلت کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ اس خاتون کو رات دیر گئے حراست میں لے لیاگیا۔ منظرعام پر آنے والے سی سی ٹی وی فوٹیج میں اس خاتون کو اپنے پالتو کتے کے ساتھ لفٹ میں داخل ہوتے دیکھاجاسکتا ہے۔ چند منٹ بعد اسے لفٹ کے اندر ایک چھوٹے بچے کو گھسیٹتے اور مارپیٹ کرتے ہوئے دیکھاجاسکتا ہے۔

نمایاں طور پر خوفزدہ بچہ اس خاتون کے حملوں کے آگے بے بس معلوم ہورہا تھا۔ اس خاتون کا پالتوکتا بھی لفٹ کے اندر موجود تھا جبکہ یہ چیز سوسائٹی کے قواعد کے خلاف ہے۔ اس واقعہ نے یہاں کے مکینوں کی تشویش میں اضافہ کردیا جنہوں نے اس سے پہلے بھی ہاؤزنگ سوسائٹی کے اندر پالتو جانوروں سے حفاظت کا مسئلہ اٹھایاتھا۔

ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی رہائشی سوسائٹی میں کشیدگی پھیل گئی۔ اس پریشان کن فوٹیج پربرہم لوگ احتجاج کیلئے جمع ہوگئے اور ملزم کے خلاف فوری کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کی برہمی میں اس وقت اضافہ ہوگیا جب پولیس فوری طور پر کاروائی کرنے میں ناکام رہی۔

نصف شب تک احتجاج میں شدت پیدا ہوگئی اور لوگ کثیرتعداد میں سڑکوں پر نکل آئے۔ احتجاج کے بڑھنے کے بعد پولیس نے مداخلت کی اور اس خاتون کو حراست میں لے کر بسرکھ پولیس اسٹیشن میں اس کے خلاف ایک ایف آئی آردرج کی گئی۔ ڈی سی پی نے کہا کہ اس خاتون کے خلاف کاروائی کی جائے گی اور اس واقعہ کے حالات کی تحقیقات جاری ہیں۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *