گوپال رائے نے مجلس عاملہ کی میٹنگ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’’آج سبھی 70 اسمبلی حلقوں کے عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ ہوئی، سبھی لوگوں کے نظریات اور تجربات سنے گئے۔‘‘


گوپال رائے / آئی اے این ایس
دہلی واقع عآپ ہیڈکوارٹر میں 19 فروری کو اروند کیجریوال کی قیادت میں مجلس عاملہ کی میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں دہلی کے سبھی 70 اسمبلی حلقوں کے مبصرین، صدور اور تنظیمی وزیر شامل ہوئے۔ اس دوران سبھی نے اپنے اپنے اسمبلی حلقوں کی زبانی رپورٹ سامنے رکھی۔ عآپ کے دہلی ریاستی صدر گوپال رائے نے میڈیا کو بتایا کہ میٹنگ میں عآپ کی تشکیل نو سے پہلے سبھی عہدیدار آئندہ 10 دنوں میں انتخاب سے متعلق اپنے کردار پر رپورٹ پیش کریں گے۔
عآپ مجلس عاملہ کی میٹنگ کے بعد گوپال رائے نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ آج سبھی 70 اسمبلی حلقوں کے عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ ہوئی۔ سبھی لوگوں کے نظریات اور تجربات کو سننے کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ تنظیم کی تشکیل نو سے قبل سبھی عہدیدار سے انتخاب میں ان کی کارکردگی پر مبنی رپورٹ آئندہ 10 دنوں میں ریاستی پارٹی دفتر میں سونپنے کو کہا جائے گا۔ گوپال رائے نے اس دوران دہلی کے نئے وزیر اعلیٰ کے سلیکشن پر بھی سوال اٹھایا۔
عآپ لیڈر گوپال رائے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انتخاب میں جن لوگوں کا مثبت یا منفی کردار رہا، اس سے متعلق رپورٹ سونپی جائے گی۔ اس رپورٹ کی بنیاد پر عآپ کنوینر اروند کیجریوال سے تبادلہ خیال کر پارٹی کو نئی شکل دی جائے گی۔ جنھوں نے مثبت کام کیا ہے، انھیں ذمہ داری دی جائے گی اور جنھوں نے منفی کردار نبھایا ہے ان پر کارروائی ہوگی۔
گوپال رائے نے بی جے پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ پر بات کرتے ہوئے سلیکشن عمل پر سوال اٹھایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’کسی کنبہ، کسی ریاست یا ملک کی سطح پر بھی یہ پہلا دعوت نامہ ہے، جس کی تقسیم کے بعد بھی پتہ نہیں ہے کہ وزیر اعلیٰ کون ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ قانون ساز پارٹی کی میٹنگ سے پہلے حلف برداری تقریب کا کارڈ شائع ہو گیا۔ گوپال رائے کا کہنا ہے کہ ’’طریقہ یہ ہے کہ قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں نام طے ہونے کے بعد گورن تاریخ دیتا ہے، پھر حلف برداری کی تیاری ہوتی ہے اور پھر کارڈ شائع ہوتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ طے نہیں ہو رہا تھا تو کم از کم عمل انجام ہو جانے دیتے۔ آپ کے ایل جی ہیں، آپ کی حکومت ہے، اس کا یہ مطلب تھوڑی نہ ہے کہ طریقہ کار پر عمل نہیں ہوگا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔