مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے امیر قطر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ دونوں ممالک کے اعلی حکام کی مسلسل ملاقاتیں تہران اور دوحہ کے درمیان مضبوط تعلقات اور علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر قریبی نقطہ نظر کو ظاہر کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور سیکورٹی شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینا اسلامی جمہوریہ ایران کی کلیدی پالیسیوں میں سے ایک ہے۔
پزشکیان نے زور دے کر کہا کہ دوست اور برادر ملک قطر کی حکومت ہمارے لئے خاص اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے علاقائی مسائل کے حوالے سے امیر قطر کے ساتھ مشاورت اور تبادلہ خیال کیا، حالیہ مہینوں میں غزہ جنگ بندی کے حصول اور مظلوم فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے سلسلے میں قطر کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ملاقات میں ہم نے غزہ کے عوام کے خلاف جرائم کی روک تھام اور صیہونی دشمن کے مجرمانہ اقدامات کی پیروی کرنے کے لئے مسلم ممالک کے مربوط اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ الہی اور انسانی اقدار کی بنیاد پر خطے اور دنیا کی تمام حکومتوں کو فلسطینی بالخصوص غزہ کے عوام کے اپنی تاریخی سرزمین پر محفوظ زندگی گزارنے کے حق کے دفاع کے لیے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لانی چاہئیں۔