
Photo Courtesy : new Indian express
مدھیہ پردیش کے شیور ضلع میں ایک 26 سالہ دلہا شادی کی بارات کے دوران گھوڑے پر بے ہوش ہو کر گر پڑا اور اس کی موت واقع ہو گئی۔ یہ واقعہ جمعہ کی رات پیش آیا اور اس کے آخری لمحات کی ایک ویڈیو ہفتے کو سوشل میڈیا پر سامنے آئی۔
اس واقعہ کے بعد شادی کا گھر ماتم میں تبدیل ہوگیا دلہا کی شناخت پردیپ جاٹ کے طور پر ہوئی، جو نیشنل اسٹوڈنٹ یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی)، کانگریس کی طلبہ تنظیم کے سابق ضلعی صدر تھے۔
ڈسٹرکٹ ہاسپٹل کے سول سرجن ڈاکٹر آر بی گوئل نے بتایا کہ خاندان کے افراد انہیں فوراً اسپتال لے گئے، لیکن وہاں پہنچنے سے پہلے ہی وہ دم توڑ چکے تھے۔
پردیپ جاٹ، جو سونسواڈا گاؤں کے رہائشی تھے، ممکنہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ دلہے کے روایتی لباس میں گھوڑے پر بیٹھے اسٹیج کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
اچانک وہ آہستہ آہستہ آگے جھکنے لگتے ہیں اور بے حس و حرکت ہو جاتے ہیں۔ ان کا ایک رشتہ دار انہیں گھوڑے سے اتارنے کی کوشش کرتا ہے، لیکن اس سے پہلے ہی وہ گر پڑتے ہیں۔