
نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ: 18 افراد ہلاک، متعدد زخمی
نئی دہلی ۔ قومی دارالحکومت نئی دہلی کے ریلوے اسٹیشن پر ہفتہ کی رات بھگدڑ کی وجہہ سے مرنے والوں کی تعداد 18 تک پہنچ گئی اور متعدد زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ مہا کمبھ میلے میں شرکت کے لیے پریاگ راج جانے والے مسافروں کے ہجوم کے باعث پیش آیا۔
بھگدڑ کا واقعہ ہفتہ کی رات تقریباً 9 بجکر 55 منٹ پر پلیٹ فارم نمبر 14 اور 16 کے درمیان پیش آیا۔مہا کمبھ میلے کے لیے جانے والی دو خصوصی ٹرینوں کی تاخیر کے باعث پلیٹ فارم پر مسافروں کا ہجوم بڑھ گیا۔ تیسری ٹرین پریاگ راج جانے والی تھی، جس کی وجہ سے مزید مسافرین وہاں پہنچے اور پھر یہ حادثہ پیش آیا۔۔
مہلوکین میں 10 خواتین اور 3 سے 4 بچے شامل ہیں۔ متعدد زخمیوں کو قریبی لوک نائک جے پرکاش (ایل این جے پی) ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ریلوے حکام نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے تاکہ بھگدڑ کی وجوہات کا پتہ لگایا جاسکے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔مہا کمبھ میلہ ہندوؤں کا ایک بڑا مذہبی تہوار ہے، جس میں لاکھوں عقیدت مند مقدس دریاؤں میں اشنان کرنے کے لیے جمع ہوتے ہیں۔ اس موقع پر ریلوے اسٹیشنس اور دیگر عوامی مقامات پر غیر معمولی ہجوم معمول کی بات ہے
جس کے باعث انتظامیہ کو خصوصی انتظامات کرنے پڑتے ہیں۔