جمعہ کے روز سنبھل پولیس کی ٹیم نے ایس پی کے کے بشنوئی، اے ایس پی سریش چندر اور سی او انوج چودھری کی موجودگی میں بھاری پولیس فورس کے ساتھ یہ کارروائی انجام دی۔ پولیس کے مطابق، 24 نومبر کو جامع مسجد کے آس پاس تشدد کے دوران توڑ پھوڑ، آگ زنی اور پولیس پر فائرنگ کے واقعات پیش آئے تھے۔ اس دوران چار افراد کی موت ہوئی تھی، جبکہ ایس پی کے کے بشنوئی، سی او انوج چودھری سمیت 29 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
تشدد کے بعد پولیس نے سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ضیاء الرحمن برق، پارٹی کے ایم ایل اے نواب اقبال محمود کے بیٹے سہیل اقبال سمیت 6 افراد کو نامزد کیا اور 3000 سے زائد نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ پولیس نے اب تک 76 افراد کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ہے، جبکہ مزید ملزمان کی تلاش جاری ہے۔