
نئی دہلی: ریاست اترپردیش کے میجا پولیس اسٹیشن کے حدود میں قومی شاہراہ پر جمعہ (14 فروری 2025) کی رات ایک خوفناک سڑک حادثے میں 10 بھکت ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ایک بولیرو کار اور بس کے درمیان زبردست ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں بولیرو میں سوار تمام افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اس حادثہ میں بس میں سوار 19 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) وویک چندر یادو نے بتایا کہ چھتیس گڑھ کے کوربا ضلع سے آنے والے عقیدت مند مہا کمبھ میں مقدس غسل کیلئے جا رہے تھے کہ ان کی گاڑی ہائی وے پر ایک بس سے ٹکرا گئی۔
ڈی سی پی کے مطابق حادثے میں بولیرو میں سوار تمام 10 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ بس میں سوار افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔ پولیس نے حادثہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ یہ حادثہ پریاگ راج مرزا پور ہائی وے پر رونما ہوا جس کے بعد ٹریفک کے نظام میں خلل پڑا۔