کھمم ضلع بی آر ایس پارٹی اقلیتی صدر تاج الدین کی کے ٹی آر سے ملاقات، اقلیتوں کے مسائل پر تبادلہ خیال

کھمم ضلع بی آر ایس اقلیتی صدر تاج الدین نے بی آر ایس کے کارگزار صدر و سابق وزیر کے ٹی آر سے ملاقات کی اور انہیں کھمم ضلع میں اقلیتی برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں بدلتی رہتی ہیں، لیکن اقلیتوں کے مسائل جوں کے توں برقرار ہیں۔

 

تاج الدین نے واضح الفاظ میں کہا کہ بی آر ایس کے دس سالہ دورِ اقتدار میں مسلم قائدین کو حکومت میں مناسب نمائندگی نہیں دی گئی، اور یہی صورتحال کانگریس کے دورِ حکومت میں بھی دیکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ کانگریس حکومت کے 14 ماہ گزرنے کے باوجود مسلم قائدین، بالخصوص کھمم ضلع کے اقلیتی قائدین کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا ہے، اور ریاستی سطح پر بھی کسی مسلم رہنما کو چیرمین شپ نہیں دی گئی۔

 

تاج الدین نے کے ٹی آر سے مطالبہ کیا کہ کھمم ضلع میں بی آر ایس کو مستحکم کرنے کے لیے پارٹی میں اقلیتی قائدین کو کلیدی مقام دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو تمام سیاسی جماعتیں صرف ووٹ بینک کے طور پر استعمال کرتی ہیں، لیکن انتخابات کے بعد اقلیتوں کے مسائل بدستور باقی رہتے ہیں۔

 

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آج کھمم ضلع میں مسلم تعلیم یافتہ نوجوان روزگار کے سلسلے میں شدید مشکلات کا شکار ہیں، اور آبادی کے تناسب سے اقلیتی نوجوانوں کو روزگار سے جوڑنا ناگزیر ہے۔

 

کے ٹی آر نے وفد کی باتیں بغور سنیں اور اعتراف کیا کہ بی آر ایس کے دورِ اقتدار میں اقلیتوں کے مسائل کو نظرانداز کیا گیا۔ تاہم، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ اقلیتوں کے مسائل پر منظم انداز میں کام کیا جائے گا ۔

 

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *