![](https://urduleaks.com/wp-content/uploads/2025/02/IMG_20250211_225605-780x470.jpg)
حیدرآباد(راست)طلبہ د وران تعلیم تحریری وتقریری صلاحیتوں میں بھی اضافہ کریں۔ اسکول میں منعقد ہونے والے مقابلوں کے علاوہ مختلف ادبی تنظیموں کی جانب سے منعقد کئے جانے والے ہر طرح کے مقابلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔اس سے ان کی شخصیت میں مزید نکھارپیدا ہوگا۔ ان خیالات کااظہار عروج ماڈل ہائی اسکول ہاشم آبادمیں جشن اردوکانفرنس واردولائبریری کے افتتاح کے موقع پر صدارتی خطاب میں پروفیسر مجید بیدار(سابق صدر شعبہ اردوجامعہ عثمانیہ) نے کیا۔ انہوں نے کہاکہ اردوزبان کی دھوم ساری دنیا میں ہے۔اردو کے مشاعرے ساری دنیا میں منعقد ہوتے ہیں اور لوگ اسے بے انتہا پسند کرتے ہیں جبکہ دیگر زبانوں کیلئے ایسی محبت نہیں دیکھی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آزادی کے بعد اردو زبان کوجونقصان پہنچا ہے اس سے سبھی لوگ واقف ہیں۔اردووالوں نے ہی اس سے دوری اختیار کرکے اس کونقصان پہنچایا ہے۔جس کاازالہ ضروری ہے۔ محمد عبدالعتیق (صدر مدرس عروج ماڈل ہائی اسکول)نے استقبالیہ خطاب میں کہاکہ طلبہ ہماری قوم وملت کا مستقبل ہے۔ اس لئے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ انہیں بہترتعلیم فراہم کر یں۔ محمد اقبال علی جاوید(ایڈوکیٹ ہائی کورٹ تلنگانہ)نے طلبہ کوتلقین کی کہ وہ خوب محنت سے پڑھیں۔ علم سے بڑھ کرکوئی دولت نہیں ہے۔ صاحبزادہ میر وقار الدین علی خان صدیقی (بانی و صدر ممتاز ایجوکیشنل سوسائٹی و صدر انجمن ترقی شاخ فاروق نگر فلک نما) نے اسکول انتظامیہ کو اردو لائبریری قائم کرنے اور جشن اردو کانفرنس کے انعقاد پرمبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح اس اسکول میں فروغ ار دوکیلئے کام کیاجارہا ہے،دیگراسکولوں کوبھی آگے بڑھ کر اسی طرح مادری زبان اردو سے محبت کااظہار کرنا چاہئے۔ ان اقدامات سے اردوزبان کوفروغ حاصل ہوگا۔ڈاکٹر مرزا ثناء اللہ بیگ (پرنسپل مغل کالج آف ایجوکیشن) نے کہاکہ اسکولس میں ادبی وثقافتی پروگرامس کے انعقاد سے طلبہ کوبہت کچھ سیکھنے ملتا ہے اوروہ اپنی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرسکتے ہیں۔ڈاکٹر عبدالمغنی صدیقی (صدر شعبہ اردو انوارالعلوم ڈگری کالج)نے طلبہ سے اپنے خطاب میں کہاکہ یہ ڈیجیٹل دور ہے۔ طلبہ عصری وتکنیکی تعلیم حاصل کریں۔ کمپیوٹر سے مکمل واقفیت رکھیں اور اردو تحریر کااس میں استعمال کریں۔ شاعر گووند اکشے نے کلام پیش کیا۔ اس موقع پرمہمانان کے ہاتھوں اسکول میں قائم اردولائبریری کا افتتاح عمل میں آیا۔ جس میں طلبہ کیلئے اردو کے معلوماتی کتب اور رسائل رکھے گئے ہیں۔ اسکول کے طلبہ نے اس موقع پر تعلیمی مظاہرہ کیا۔ بہترین مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ تقریب کا آغاز اسکول کی طالبات سیدہ صبا اریبا ء کی قرأت کلام پاک اور فائزہ سلطانہ کی نعت شریف سے ہوا۔نظامت کے فرائض محمد محمود نے انجام دیئے۔ دعا کے ساتھ تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔