![یرغمالیوں کی رہائی نہ ہوئی تو جنگ بندی ختم، صرف تباہی ہوگی:ڈونالڈ ٹرمپ](https://urdu.munsifdaily.com/wp-content/uploads/2023/06/TRUMP-2-780x470.jpg)
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا نہ کیا گیا تو صورتحال قابو سے باہر ہو جائے گی اور شدید نقصان ہوگا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، حماس کی جانب سے یرغمالیوں کی رہائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کے بعد ڈونالڈ ٹرمپ کا سخت ردعمل سامنے آیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ ہفتے کے دن دوپہر 12 بجے تک تمام اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا جانا چاہیے، ورنہ نتائج سنگین ہوں گے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اگر مقررہ وقت تک یرغمالیوں کی رہائی نہ ہوئی تو وہ اسرائیل سے معاہدہ منسوخ کرنے کا کہہ دیں گے، جس کے بعد تباہی کے سوا کچھ نہیں بچے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یہ بھی معلوم نہیں کہ یرغمالی زندہ ہیں یا نہیں۔
فلسطینیوں کو غزہ سے بے دخل کرنے کے اپنے مؤقف پر قائم رہتے ہوئے، ٹرمپ نے کہا کہ اردن ممکنہ طور پر فلسطینی مہاجرین کو پناہ دینے پر راضی ہو سکتا ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے اردن اور مصر کو دھمکی دی کہ اگر انہوں نے فلسطینیوں کو اپنی سرزمین پر جگہ نہ دی تو ان ممالک کی امریکی امداد بند کر دی جائے گی۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ وہ فلسطینیوں کے لیے ایک مستقل جگہ کے قیام پر کام کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی، انہوں نے امریکی محکمہ انصاف کو پابند کرنے کے ایک نئے حکمنامے پر دستخط کر دیے، جبکہ سابق گورنر ایلی نوائے راب بلاگوجووچ کو صدارتی معافی دینے کا اعلان بھی کیا۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ اسٹیل اور ایلومینیم پر 25 فیصد درآمدی ڈیوٹی عائد کی جا رہی ہے، جبکہ گاڑیوں، چپس اور ادویات پر بھی اضافی ٹیکس کے نفاذ پر غور کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو ملک امریکی برآمدات پر ٹیرف لگائے گا، اسے جوابی ٹیرف کا سامنا کرنا پڑے گا، اور کسی ملک کو امریکی معیشت کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔