یوم خواتین سے قبل وعدوں کی عدم تکمیل پر شدید احتجاج کا انتباہ
ماہانہ 2500روپئے مالی امداد اور ایک تولہ سونے کا کیا ہوا؟
ریاستی حکومت ہر خاتون کے 35ہزارروپئے کی مقروض ‘آسرا وظائف میں فی الفور اضافہ کیاجائے۔
تلنگانہ جاگروتی وومنس ونگ سے کے کویتا رکن قانون ساز کونسل بی آرایس کا خطاب
حیدرآباد: صدرتلنگانہ جاگروتی ورکن قانون ساز کونسل بی آرایس کلواکنٹلہ کویتا نے ریاستی حکومت کو سخت انتباہ دیا اور پرزورمطالبہ کیاکہ عالمی یوم خواتین سے قبل خواتین سے کئے گئے تمام وعدوں پر عمل آوری کو یقینی بنایاجائے بصورت دیگر شدید صدائے احتجاج بلند کیا جائے گا
۔کے کویتا نے آج اپنی رہائش گاہ پر تلنگانہ جاگروتی وومنس ونگ کے ارکان سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کے کویتا نے حکومت کے غیر ذمہ دارانہ روےہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔انہوںنے کہاکہ بی آرایس سربراہ وسابق چیف منسٹر کے چندرشیکھرراﺅ کے دورمیں خواتین کو خود مکتفی اور با اختیار بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی تھی۔ تاہم ریونت ریڈی حکومت میں خواتین کو نظر انداز کیاجارہاہے اور خواتین کو صرف وعدوں کے ذریعہ دھوکہ دیاجارہاہے۔خواتین کو صرف وعدوں کے جال میں الجھاکر رکھ دیاگیاہے
۔سابق رکن پارلیمان نظام آباد کے کویتا نے کہاکہ کانگریس پارٹی نے ماقبل انتخابات ہر خاتون کو ماہانہ 2500روپئے مالی امداد کی فراہمی کا وعدہ کیاتھا۔تاہم کانگریس پارٹی کے برسراقتدار آکر 14ماہ کا عرصہ گزرچکاہے ۔اس کے باوجود اس وعدہ کو عملی جامہ پہنایانہیں گیاہے۔اس طرح ریاستی کانگریس حکومت ہر خاتون کے 35ہزار روپئے کی مقروض ہوچکی ہے
۔کے کویتا نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ یوم خواتین تک مذکورہ بالا رقم کی اجرائی عمل میں لائے۔سابق چیف منسٹر کے چندرشیکھر راﺅ کی دختر کویتا نے کہاکہ کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیمات کے تحت غریب لڑکیوں کی شادی میں مالی امداد کے علاوہ ایک تولہ سونا دینے کا وعدہ کیاگیاتھا۔علاوہ ازیں لڑکیوں کو اسکوٹی فراہم کرنے کابھی وعدہ کیاگیاتھا۔تاہم ان وعدوں کو آج تک پورانہیں کیاگیاہے۔کویتا نے حکومت سے استفسار کیاکہ کیا ےہ وعدے محض انتخابی نعرے تھے؟۔
انہوںنے واضح کیاکہ خواتین کےلئے مفت بس سفر کی سہولت کا وہ خیر مقدم کرتی ہیں۔تاہم ریاستی حکومت کو بسوں کی تعداد میں اضافہ اور عوامی ٹرانسپورٹ کو مزید سہل بنانے کےلئے سنجیدہ اقدامات روبہ عمل لانے چاہئیں۔کویتا نے حکومت پر الزام عائد کیاکہ وہ خواتین کے ساتھ ساتھ تمام طبقات کو دھوکہ دے رہی ہے۔اندرماں ہاﺅزنگ اسکیم کے تحت خواتین کے نام پر مکانات کی فراہمی کا وعدہ بھی پورا نہیں کیاگیاہے۔انہوںنے مطالبہ کیاکہ ریاستی حکومت وعدہ کے مطابق آسرا اسکیم کے تحت وظائف کی رقم کو بڑھاکر 4ہزار روپئے کرے۔
خواتین کی فلاح وبہبود اور ترقی کو یقینی بنانے کےلئے تمام وعدوں پر فی الفور عمل آوری کو یقینی بنایاجائے۔کویتا نے انتباہ دیاکہ اگر ریاستی حکومت اپنی ذمہ داریوں سے راہ فرار اختیار کرتی ہے تو اسے شدید عوامی احتجاج کا سامناکرناپڑے گا۔خواتین اپنے حقوق کے حصول کےلئے سڑکوں پر آکر صدائے احتجاج بلند کریں گی۔