[]
ممبئی: اپوزیشن اتحاد ”انڈیا“ کے قائدین یہاں جمعرات سے شروع ہونے والے دو روزہ اجلاس کے دوران مختلف امور پر تفصیلی گفت و شنید کریں گے۔ اجلاس کے دوران وہ رابطہ کمیٹی اور اتحاد کے لوگو کا بھی اعلان کریں گے۔
2024ء کے لوک سبھا انتخابات میں این ڈی اے کے خلاف وہ انتخابی مہم کی مشترکہ حکمت عملی بھی وضع کریں گے اور اپنے درمیان اختلافات کی یکسوئی کریں گے۔ قائدین کی جانب سے اتحاد کے مشترکہ اقل ترین پروگرام کا مسودہ تیار کرنے، ملک بھر میں ایجی ٹیشنس کے لیے مشترکہ منصوبے وضع کرنے اور سیٹوں کی تقسیم کے لیے چند کمیٹیوں کا اعلان بھی متوقع ہے۔
آر جے ڈی کے منوج جھا نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ممبئی کے اجلاس میں موجودہ حکومت کی رجعت پسندانہ پالیسیوں کا ترقی پسند متبادل فراہم کرنے واضح نقشہ راہ پیش کیا جائے گا۔ انڈیا بلاک کی جانب سے حلیفوں کے درمیان بلارکاوٹ تال میل کے لیے سکریٹریٹ کا اعلان بھی متوقع ہے جسے قومی دارالحکومت میں قائم کیے جانے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ ارکان‘ اتحاد کی قیادت کے لیے کوآرڈینیٹر یا چیرپرسن کے تقرر کے مسئلہ پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار‘ کنوینر کے عہدہ کے لیے سب سے آگے ہیں۔ کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کو اتحاد کا صدر بنانے کی بھی باتیں ہورہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق کمار پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ وہ کنوینر کے عہدہ کی دوڑ میں نہیں ہیں، سونیا گاندھی نے نجی طور پر اس عہدہ کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔
قائدین جن میں سے چند دو روزہ اجلاس کے لیے یہاں پہنچنا شروع شروع ہوگئے، سیٹوں کی تقسیم جیسے متنازعہ مسائل پر بات چیت آگے بڑھائیں گے۔ آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد اور ان کے لڑکے بہار کے چیف منسٹر تیجسوی یادو ممبئی پہنچ چکے ہیں۔ ممبئی کے اجلاس میں 26 پارٹیوں کے اپوزیشن اتحاد میں مزید چند علاقائی جماعتوں کی شمولیت کی بھی قیاس آرائیاں ہیں۔
یہ اجلاس پٹنہ اور بنگلورو کے بعد تیسرا ہوگا۔ انڈیا بلاک کا پہلا اجلاس جون میں پٹنہ میں منعقد ہوا تھا جبکہ دوسرا وسط جولائی میں بنگلورو میں ہوا تھا۔ بنگلورو کے اجلاس نے اتحاد کے نام ”انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس (انڈیا) کو قطعیت دی تھی۔ممبئی اجلاس سے قبل بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار نے ایک بار پھر یہ بات دہرائی کہ اپوزیشن اتحاد کے لیے ان کی مہم کا مقصد ”شخصی تمنا“ نہیں ہے اور وہ چاہیں گے کہ کسی اور کو اپوزیشن اتحاد کا کنوینر بنایا جائے۔
میں ابتداء سے کہہ رہا ہوں کہ خود کے لیے میری کوئی خواہش نہیں ہے۔ میری کوئی شخصی تمنا نہیں ہے۔ مجھے کچھ نہیں چاہیے۔ کسی اور کو (کنوینر کے عہدہ کی) ذمہ داری دی جاسکتی ہے۔ میری واحد خواہش‘ 2024ء کے لوک سبھا انتخابات سے قبل (بی جے پی کے خلاف) زیادہ سے زیادہ پارٹیوں کو متحد کرنا ہے اور میں اسی سمت میں کام کررہا ہوں۔“
دریں اثناء مہاراشٹرا کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے کہا کہ اجلاس میں انڈیا بلاک کا نعرہ ”بی جے پی چلے جاؤ“ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گروپ میں وزیراعظم کے عہدہ کے لیے کئی اہل امیدوار ہیں اور دعویٰ کیا کہ کچھ پارٹیاں جو فی الحال بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے کی حلیف ہیں، انڈیا بلاک میں شامل ہوسکتی ہیں۔
اجلاس سے قبل کانگریس لیڈر ملند دیوڑا نے کہا کہ 2024ء کے لوک سبھا انتخابات کے لیے حلیفوں میں سیٹوں کی تقسیم کو بیشتر ریاستوں میں کم و بیش قطعیت دی جاچکی ہے۔