واشنگٹن: امریکہ میں چینی سفارت خانے نے جمعرات کو کہا کہ بدھ کی رات ریگن نیشنل ہوائی اڈے کے قریب ایک مسافر طیارے اور ایک ہیلی کاپٹر کے درمیان ٹکر میں ہلاک ہونے والوں میں دو چینی شہری بھی شامل ہیں۔
ژنہوا نے چینی سفارتخانے کے ایک بیان کے حوالے سے کہا کہ چین تمام متاثرین کے ساتھ اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہے اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔
سفارت خانے نے امریکی حکومت سے واقعے کی تفصیلات کی تصدیق کرنے اور چینی فریق کو باضابطہ طور پر مطلع کرنے اور متاثرین کے اہل خانہ کو امداد فراہم کرنے کی درخواست کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سفارت خانہ اپنی ذمہ داریوں کے تحت مدد فراہم کرے گا۔
نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ امریکن ایئرلائنز کے طیارے سے دونوں بلیک باکسز، فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر برآمد ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ بدھ کی رات ایک امریکن ایئرلائن کے جیٹ اور ایک فوجی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کے درمیان فضا میں ٹکر ہوگئی تھی۔
امریکن ایئرلائنز کا علاقائی جیٹ ویچیٹا، کنساس سے 60 مسافروں اور عملے کے چار ارکان کے ساتھ روانہ ہوا تھا۔ بلیک ہاک پر تین امریکی فوجی سوار تھے۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں تصدیق کی کہ ٹکر میں کوئی بھی زندہ نہیں بچا۔