
کیا ممتا بنرجی ٹی ایم سی کو کانگریس میں ضم کریں گی؟ سونیا گاندھی سے اہم ملاقات پر سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں
نئی دہلی: مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے مستقبل کو لے کر سیاسی حلقوں میں نئی قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ٹی ایم سی سربراہ اور مغربی بنگال کی سابق چیف منسٹر ممتا بنرجی نے حال ہی میں کانگریس کی سینئر قائد سونیا گاندھی سے ملاقات کی، جس میں بنگال اور قومی سیاست سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹوں کے مطابق ٹی ایم سی اس وقت سیاسی چیلنجوں کا سامنا کر رہی ہے اور پارٹی کے کئی ارکان اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ اور دیگر قائدین یکے بعد دیگرے جماعت چھوڑ رہے ہیں۔ ممتا بنرجی کے قریبی سمجھے جانے والے بعض قائدین بھی پارٹی سے علیحدگی اختیار کر چکے ہیں، جس سے ٹی ایم سی کے سیاسی مستقبل پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران ممتا بنرجی نے سونیا گاندھی کو بتایا کہ مغربی بنگال میں بی جے پی کے بڑھتے اثر و رسوخ اور مسلسل سیاسی دباؤ کے باعث ٹی ایم سی کے قائدینئ پارٹی چھوڑ رہے ہیں۔ اس موقع پر سونیا گاندھی نے مبینہ طور پر ٹی ایم سی کو کانگریس میں ضم کرنے کی تجویز پیش کی۔ تاہم بتایا جاتا ہے کہ ممتا بنرجی نے اس سلسلے میں فوری فیصلہ کرنے کے بجائے مزید وقت طلب کیا ہے اور چند روز بعد اپنا موقف واضح کرنے کا اشارہ دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں قائدین کے درمیان طویل گفتگو کے دوران ممکنہ انضمام کی صورت میں قیادت اور تنظیمی ڈھانچے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اطلاعات ہیں کہ کانگریس قیادت نے ٹی ایم سی کے انضمام کی صورت میں ممتا بنرجی کو قومی نائب صدر کا عہدہ دینے اور ان کے بھانجے ابھشیک بنرجی کو کانگریس کا جنرل سکریٹری بنانے کی پیشکش کی ہے۔
اسی دوران ابھشیک بنرجی نے کانگریس کے سینئر لیڈر اور لوک سبھا میں قائدِ اپوزیشن راہول گاندھی سے بھی ملاقات کی، جس میں حالیہ سیاسی صورتحال اور اپوزیشن اتحاد کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
حال ہی میں منعقدہ اپوزیشن اتحاد “انڈیا” کے اجلاس میں بھی ممتا بنرجی نے شرکت کی تھی۔ ٹی ایم سی پہلے ہی کانگریس سمیت اتحاد کی دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے آمادگی ظاہر کر چکی ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق آنے والے دنوں میں ٹی ایم سی کے کانگریس میں ممکنہ انضمام کے حوالے سے مزید وضاحت سامنے آسکتی ہے۔
