
ایلورو: آندھرا پردیش کے ضلع ایلورو میں موبائل گیمز کی بڑھتی ہوئی لت کا ایک منفرد معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک ماں نے اپنے 15 سالہ بیٹے کے خلاف خواتین پولیس اسٹیشن سے رجوع کرلیا۔ خاتون نے شکایت میں بتایا کہ اس کا بیٹا رات بھر موبائل فون پر آن لائن گیمز کھیلتا ہے اور دن بھر سوتا رہتا ہے، جس کے باعث اس کی تعلیم اور روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہورہی ہے۔
شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس نے لڑکے اور اس کے اہل خانہ کو طلب کرکے تفصیلی کونسلنگ کی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی جانچ میں لڑکا موبائل گیمز کا عادی پایا گیا، جس کے پیش نظر اسے مزید علاج اور نفسیاتی رہنمائی کے لیے ایلورو کے سرکاری اسپتال میں قائم ڈی ایڈکشن سینٹر منتقل کردیا گیا۔
پولیس نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کے موبائل فون اور آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھیں تاکہ انہیں ڈیجیٹل لت کے منفی اثرات سے محفوظ رکھا جاسکے۔

