مہاکمبھ کے سیکٹر 22 میں بنائے گئے ٹینٹس میں 30 جنوری کو آگ لگ گئی، اس پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچی اور بہت مشقتوں کے بعد آگ کو بجھایا جا سکا۔
مہاکمبھ میں آج ایک بار پھر بڑا حادثہ پیش آیا جب کئی ٹینٹس آگ کی نذر ہو گئے۔ مہاکمبھ میں آگ لگنے کا واقعہ پہلے بھی سامنے آ چکا ہے، لیکن اچھی بات یہ ہے کہ آتشزدگی کے واقعات میں اب تک کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ آگ لگنے کا تازہ واقعہ مہاکمبھ کے سیکٹر 22 میں پیش آیا جہاں بڑی تعداد میں ٹینٹس موجود ہیں۔ اس حادثہ کی خبر ملتے ہی فائر بریگیڈ کا دستہ جائے وقوع پر پہنچا اور بڑی مشقتوں کے بعد آگ پر قابو پایا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جب ٹینٹس میں آگ لگی تو اس میں موجود سبھی عقیدتمند باہر نکل گئے۔ لوگوں کی سمجھداری سے ایک بڑا حادثہ تو ٹل گیا، لیکن جو چیزیں ٹینٹس میں موجود تھیں، وہ جل کر خاک ضرور ہو گئیں۔ مہاکمبھ کا سیکٹر 22 علاقہ جھوسی کے جھتناگ گھاٹ اور ناگیشور گھاٹ کے درمیان موجود ہے۔ جمعرات کو اچانک کچھ ٹینٹس میں آگ لگ گئی جس کے بعد لوگوں میں گھبراہٹ اور افرا تفری پیدا ہو گئی۔ فوراً لوگ ٹینٹس سے باہر کی طرف بھاگے اور فائر بریگیڈ کو بھی خبر دی گئی۔ آگ لگنے کی وجہ اب تک سامنے نہیں آ سکی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل 19 جنوری کو مہاکمبھ میں آتشزدگی کا بڑا حادثہ پیش آیا تھا۔ تب سیکٹر 19 میں بنائے گئے گیتا پریس کے پنڈالوں میں آگ لگ گئی تھی۔ آگ سے تقریباً 200 پنڈال جل گئے تھے اور کچھ سلنڈر کے دھماکہ کی خبر بھی سامنے آئی تھی۔ اس حادثہ کے بعد آسمان میں دھوئیں کا غبار پھیل گیا تھا۔ حالانکہ فائر بریگیڈ کی ٹیم نے وقت رہتے آگ پر قابو پا لیا تھا جس سے بڑا حادثہ ہونے سے ٹل گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔