’’کیجریوال بالکل نریندر مودی کی طرح کام کرتے ہیں۔ جیسے نریندر مودی جھوٹے بیان دیتے ہیں، ہر جگہ جھوٹ بولتے ہیں، کیجریوال بھی ویسا ہی کرتے ہیں۔ کیجریوال نے 5 سال پہلے کہا تھا میں جمنا میں غسل کروں گا، جمنا جی کا پانی پیوں گا، لیکن آج تک انھوں نے جمنا جی کا پانی نہیں پیا۔ آپ سبھی کو گندا پانی پینا پڑتا ہے، لیکن کیجریوال شیش محل میں رہتے ہیں، صاف پانی پیتے ہیں اور جھوٹے بیان دیتے ہیں۔‘‘ یہ تبصرہ راہل گاندھی نے آج دہلی کے بوانا اسمبلی حلقہ میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر کے دوران کیجریوال اور عآپ حکومت کو آئینہ دکھاتے ہوئے ان کے دورِ حکومت کی ناکامیاں سامنے رکھیں۔
راہل گاندھی بوانا اسمبلی حلقہ سے کانگریس امیدوار سریندر کمار کی حمایت میں انتخابی ریلی کرنے بوانا پہنچے تھے۔ یہاں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے پی ایم مودی کے ساتھ ساتھ دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں کیجریوال جی سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ ریزرویشن کو 50 فیصد سے زیادہ کرنا چاہتے ہیں یا نہیں؟ لیکن میں گارنٹی دیتا ہوں، کیجریوال جی ایسا کبھی نہیں کہیں گے۔ کیونکہ اروند کیجریوال اور نریندر مودی ریزرویشن کے خلاف ہیں۔ جب بی جے پی کے لوگوں نے اقلیتوں کے خلاف تشدد کی تب کیجریوال جی کہاں تھے؟‘‘ انھوں نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے پوچھا کہ ’’کیا کیجریوال جی آپ کے لیے لڑے؟ کیا کیجریوال جی آپ کے ساتھ کھڑے رہے؟ سچائی یہی ہے کہ کیجریوال دلتوں، اقلیتوں اور غریبوں کے خلاف ہیں۔‘‘
https://x.com/INCIndia/status/1884582649445875886
دہلی میں خراب پانی کی سپلائی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’دہلی میں پانی کا مسئلہ ہے۔ لوگوں کو مہنگا پانی خرید کر پینا پڑتا ہے۔ لیکن میڈیا اس کے بارے میں کبھی نہیں دکھاتا۔ ہندوستان کا میڈیا عوام کی آواز اٹھاتا ہی نہیں ہے۔ آپ کو ٹی وی پر امبانی جی کی شادی نظر آ جائے گی، لیکن کسانوں، مزدوروں و بے روزگاروں کے مسائل نظر نہیں آئیں گے۔ ٹی وی میں 24 گھنٹے بس نریندر مودی کا چہرہ اور نفرت کی باتیں دیکھنے کو ملیں گی۔‘‘
https://x.com/INCIndia/status/1884579203925856662
دہلی میں کانگریس حکومت کے دوران کیے گئے کاموں کی یاد دلاتے ہوئے راہل گاندھی تقریب میں موجود لوگوں سے کہا کہ ’’کانگریس پارٹی روزگار اور ترقی کی بات کرتی ہے۔ شیلا جی کے وقت دہلی میں سڑکیں بنیں، ترقی ہوئی… کیونکہ ہم جھوٹے وعدے نہیں کرتے۔ لیکن کیجریوال اور نریندر مودی 24 گھنٹے جھوٹے وعدے کرتے ہیں۔‘‘ کانگریس کے وعدوں کا تذکرہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’میں اور کانگریس پارٹی کبھی جھوٹ نہیں بولتی ہے، ہم نے کہا تھا کہ قرض معاف ہوگا، ذات پر مبنی مردم شماری ہوگی، کرناٹک و تلنگانہ میں خواتین کو مفت بس ملے گی… یہ وعدے کانگریس پارٹی نے پورے کیے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہندوستان میں جب بھی کسی شہری پر حملہ، ظلم، ناانصافی ہوتی ہے تو وہاں راہل گاندھی مدد کے لیے کھڑا دکھائی دیتا ہے۔‘‘
https://x.com/INCIndia/status/1884587772205293903
https://x.com/INCIndia/status/1884593134942003354
اپنی تقریر کے دوران کچھ مواقع پر راہل گاندھی نے تلخ تیور بھی دکھائے۔ انھوں نے کہا کہ ’’نریندر مودی سے کانگریس پارٹی اور راہل گاندھی کو ڈر نہیں لگتا۔ الٹا نریندر مودی کانگریس پارٹی اور راہل گاندھی سے ڈرتے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے اس بات کو دہرایا کہ اس وقت نظریات کی لڑائی چل رہی ہے جس میں کانگریس کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں سبھی لوگ یکساں ہونے چاہئیں۔ ہر مذہب، ذات اور زبان کا احترام ہونا چاہیے۔ نریندر مودی کے ’نفرت کے بازار میں‘ میں ہمیں ’محبت کی دکان‘ کھولنی ہے۔