جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کا سالانہ اجلاسِ عام میٹرو فنکشن ہال تانڈور، ضلع وقارآباد میں زیر سرپرستی حضرت حافظ پیر شبیر احمد صاحب دامت برکاتہم، صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں اہم علمی شخصیات نے اپنے خطابات سے ایمان کی حفاظت اور مکاتب کے نظام کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
مکاتب کا نظام صالح انقلاب کا ذریعہ
مولانا محمد عبدالقوی صاحب دامت برکاتہم، صدر دینی تعلیمی بورڈ اور ناظم ادارہ اشرف العلوم نے اپنے خطاب میں کہا کہ مکاتب کا نظام امت مسلمہ میں صالح انقلاب لانے کا واحد ذریعہ ہے۔ انہوں نے علماء، حفاظ اور علاقے کے معزز افراد کو اس ذمہ داری کو اہمیت دینے کی اپیل کی تاکہ یہ کام وقت کی ضرورت کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر انجام پائے۔
ایمان کی حفاظت کی اہمیت
مفتی سید عفان منصور پوری صاحب دامت برکاتہم، شیخ الحدیث جامعہ اسلامیہ امروہہ نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ ایمان اللہ کی دی ہوئی عظیم نعمت ہے، جس کی حفاظت ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ایمان کی حفاظت کے ساتھ ساتھ اپنی اولاد اور متعلقین کے ایمان کی فکر کرنا بھی ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ قرآن و حدیث میں منقول مسنون دعاؤں کا اہتمام کرنا چاہیے تاکہ ایمان کو محفوظ رکھا جا سکے۔
مکاتب کی تعلیم کی ضرورت
اجلاس سے قائد جمعیۃ حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب، ناظم عمومی جمعیۃ علماء تلنگانہ اور مولانا محمد مصدق القاسمی صاحب، صدر جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد نے بھی خطاب کیا۔ دونوں شخصیات نے عوام کو اپنے بچوں کے دین و ایمان کے حوالے سے فکر مند رہنے کی ضرورت پر زور دیا اور مکاتب کی تعلیم کو اہمیت دینے کی تلقین کی۔
جمعیۃ علماء کی کارکردگی اور آئندہ کے عزائم
مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صاحب، صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے جمعیۃ علماء کے مختلف شعبہ جات اور اس کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے آئندہ کے عزائم کا ذکر کرتے ہوئے جمعیۃ کے اراکین، خیر خواہان اور معاونین کا شکریہ بھی ادا کیا۔
حفاظ کرام کی دستار بندی اور طلباء کو تہنیت
اجلاس کے دوران مدرسہ قاسم العلوم ٹرسٹ تانڈور کے حفاظ کرام کی دستار بندی کی گئی اور جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے مکاتب کے 170 طلباء کو ناظرہ قرآن مکمل کرنے پر تہنیت پیش کی گئی۔ علاوہ ازیں، مکاتب کے نگران و اساتذہ کو یادگار مومنٹوز بھی دیے گئے۔
شرکاء کی بڑی تعداد میں شرکت
اجلاس کی کاروائی مولانا عبدالرحمن اطہر قاسمی، جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے چلائی۔ اس اجلاس میں حیدرآباد، سنگا ریڈی، ظہیر آباد، گلبرگہ، سیڑم، بیدر، چنچولی اور ضلع وقارآباد کے تمام تعلقہ جات کے علماء، عوام و خواص اور مستورات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔