حزب اللہ نے جنگ کے دوران صہیونی فوج کے خلاف 3,185 کارروائیاں کیں، شیخ نعیم قاسم

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے بیروت میں سید حسن نصر اللہ کے روضہ مبارک پر منعقدہ حزب اللہ کی مرکزی مجلس عاشورا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مزاحمتی تحریک نے حالیہ جنگ کے دوران صہیونی حکومت کے خلاف مجموعی طور پر 3,185 عسکری کارروائیاں انجام دیں، جو اوسطاً روزانہ تقریباً 30 کارروائیوں کے برابر ہیں۔

العالم کے مطابق شیخ نعیم قاسم نے ایران اور امریکہ کے درمیان حال ہی میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کامیابی پر ایرانی عوام، محور مزاحمت اور دنیا کے تمام آزاد انسانوں کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لبنان کو بھی اس مفاہمتی یادداشت میں شامل کرنے پر ایران کے شکر گزار ہیں۔

شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کا اصل مقصد اسلامی نظام کا خاتمہ اور وہاں کی قومی زندگی کو تباہ کرنا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دشمن لبنان میں حزب اللہ کی عسکری، تعلیمی، اقتصادی اور سماجی بنیادوں کو مٹانا چاہتا ہے، لیکن مزاحمت اپنی بقا اور قومی وجود کے دفاع کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔

حزب اللہ کے سربراہ نے زور دے کر کہا کہ مزاحمت نے گریٹر اسرائیل کے منصوبے کو ناکام بنا دیا ہے، اور اگر یہ عظیم مزاحمت موجود نہ ہوتی تو لبنان کب کا تباہ ہو چکا ہوتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فضائی، بحری اور زمینی محاصرے کے باوجود حزب اللہ دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری عسکری سازوسامان حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

شیخ نعیم قاسم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دشمن کے ساتھ اگر کوئی بات چیت ہو تو وہ صرف سکیورٹی معاملات تک محدود ہونی چاہیے، جبکہ مزاحمت کو غیر مسلح کرنے کا معاملہ کسی صورت زیر بحث نہیں آ سکتا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *