جنوبی لبنان میں جوابی ڈرون حملوں میں 5 اسرائیلی فوجی زخمی، اسرائیلی فوج کی تصدیق

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جنوبی لبنان میں بدھ کی صبح ہونے والے دو الگ الگ ڈرون حملوں میں کم از کم پانچ اسرائیلی فوجی زخمی ہو گئے۔

اسرائیلی فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق صبح تقریباً چھ بجے دھماکا خیز مواد سے لدے ایک ڈرون نے جنوبی لبنان کے کفر تبنیت کے علاقے میں گیواتی بریگیڈ کے ایک ٹینک کے قریب دھماکا کیا، جس کے نتیجے میں چار فوجی زخمی ہوئے۔ انہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ چند ہی منٹ بعد ایک اور دھماکا خیز ڈرون نے زخمیوں کو منتقل کرنے والی فوجی گاڑی کے قریب دھماکا کیا، جس کے نتیجے میں ایک اور اسرائیلی فوجی زخمی ہوا اور اسے بھی علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

المنار کے مطابق اس واقعے کے بعد اسرائیلی فوج نے علاقے میں مزاحمتی ٹھکانوں پر توپ خانے سے شدید گولہ باری کی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دو روز قبل اسرائیلی فوج نے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے متعدد بار پیش قدمی، فضائی حملے اور گولہ باری کی کوشش کی تھی، تاہم مزاحمتی فورسز نے بالخصوص کفر تبنیت کے نواح میں اسرائیلی پیش قدمی کا مؤثر جواب دیا اور کئی جوابی کارروائیاں انجام دیں۔

بعد ازاں اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کی ایک فوجی گاڑی کو دھماکا خیز مواد سے نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد دس تک پہنچ گئی ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *