عادل آباد، 26 جنوری (اردو لیکس): دارالعلوم محمدیہ بھکتاپور عادل آباد میں 76 ویں یوم جمہوریہ کی تقریب انتہائی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر مدرسہ کے صدر محمد سیٹھ، معتمد محمد شاہد احمد توکل، صدر مدرس مولانا شیخ احمد رمضانی، نایب معتمد مسعود خان پٹیل، سید کوثر علی، محمد ظفر اللہ اور ظفی اللہ خان نے پرچم کشائی کی اور تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا۔
تقریب میں نامور علماء کرام اور مدارس کے اساتذہ نے شرکت کی جن میں مولانا قمر صاحب، مولانا اسلام الدین، حافظ عبدالاحد صاحب، مولانا عبدالقادر جیلانی صاحب، مولانا الیاس حسن مظاہری، مفتی سہیل ممتاز قاسمی، حافظ و قاری سرتاج احمد اشاعتی، حافظ عمر مربی، حافظ جعفر صاحب، مولانا اکبر صاحب اور دیگر شامل تھے۔
تقریب کے دوران طلباء میں مدرسہ دارالعلوم محمدیہ کے آئی ڈی شناختی کارڈز تقسیم کیے گئے۔ طلبہ نے قرآن پاک کی تلاوت اور قومی ترانے کے ساتھ ساتھ حمد بھی پیش کی۔ مولانا اسلام الدین صاحب نے ہندوستان کے دستور اور آئین کے حوالے سے علماء کرام اور مجاہدین آزادی کی قربانیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
اس تقریب کی نظامت کے فرائض مولانا قمر محمدی صاحب نے انجام دیے جبکہ مفتی سہیل ممتاز قاسمی صاحب نے دعا کی اور یوں یہ یادگار تقریب اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر اولیاء طلباء بھی موجود تھے۔