امانت اللہ کے بیٹے کے خلاف کارروائی کے بعد انہوں نے بتایا کہ سڑک پر موٹر سائیکل چلانے پر 22 ہزار روپے کا چالان کیا گیا وہ اس کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔
دہلی کے جامعہ نگر تھانے کی پولیس نے دہلی کے اوکھلا سے عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان کے بیٹے کی موٹر سائیکل کو غیر قانونی طور پر موٹر سائیکل چلانے پر چالان کرتے ہوئے ضبط کر لیا ہے۔ اس پر امانت اللہ خان نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ یہ سب کس کی ہدایت پر ہو رہا ہے۔
ان کے بیٹے کے خلاف کارروائی کے بعد امانت اللہ نے بتایا کہ سڑک پر موٹر سائیکل چلانے پر 22 ہزار روپے کا چالان کیا گیا۔ اس میں قانونی کارروائی کروں گا، ایس ایچ او نے ویڈیو بنائی اور پھر وائرل کر دی۔ سب نے سنا ہے کہ ایس ایچ او کیا زبان استعمال کر رہے ہیں۔ امانت اللہ نے کہا کہ وہ ان کے خلاف ایف آئی آر درج کریں گے، اگر یہاں ایف آئی آر درج نہ ہوئی تو عدالت میں دائر کریں گے۔
امانت اللہ خان کے بیٹے انس احمدپر الزام ہے کہ تبدیل شدہ سائلنسر کے ساتھ موٹر سائیکل چلانے، ہیلمٹ نہ پہننے اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ بدتمیزی کی اس لئے ان پر 22 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ دہلی پولیس نے احمد سمیت دو لوگوں کے خلاف جنرل ڈائری (جی ڈی) درج کی ہے۔ ڈائری کی ایک لائن میں لکھا ہے کہ ’مجھے آر سی (رجسٹریشن سرٹیفکیٹ) اور لائسنس کی ضرورت نہیں، میں ایم ایل اے امانت اللہ خان کا بیٹا ہوں۔‘
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب یوم جمہوریہ سے قبل جمعرات کی رات پولیس کی ٹیم جامعہ نگر علاقے میں گشت کر رہی تھی۔ پولیس ٹیم نے دیکھا کہ 2 لڑکے سڑک کے غلط سائیڈ پر بائک چلا رہے تھے اور موڈیفائیڈ سائلنسر کا استعمال کرکے اور ٹیڑھی میڑھی گاڑی چلا کر صوتی آلودگی پیدا کر رہے تھے۔ جی ڈی اندراج کے مطابق، موٹر سائیکل پر سوار لڑکے نے پولیس والوں کے ساتھ مبینہ طور پر بدتمیزی کی اور ان پر الزام لگایا کہ اس نے جان بوجھ کر اس کی گاڑی کو روکا کیونکہ اس پر عام آدمی پارٹی کا اسٹیکر چسپاں تھا۔
جی ڈی ڈائری میں لکھا ہے کہ جب پولیس اہلکاروں نے انس احمد سے گاڑی کے کاغذات جیسے ڈرائیونگ لائسنس اور آر سی دکھانے کو کہا تو اس نے بتایا کہ وہ مقامی ایم ایل اے امانت اللہ خان کا بیٹا ہے۔ افسر نے کہا کہ لڑکوں میں سے ایک نے عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے کو بھی فون کیا، جس نے ایس ایچ او جامعہ نگر سے بدتمیزی کی تھی۔ پولیس کی جانب سے درج جی ڈی میں لکھا گیا ہے کہ وہ اپنا نام اور پتہ بتائے بغیر چلا گیا۔ پولیس اہلکار نے بتایا کہ موٹر وہیکل ایکٹ کی متعدد دفعات کی مبینہ طور پر خلاف ورزی کرنے پر اس پر 22,000 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس پورے واقعے کی کئی ویڈیوز بھی مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہوئیں، جن میں احمد اور ایس ایچ او کے درمیان جھگڑا دیکھا جا سکتا ہے۔ (انپٹ بشکریہ نیوز پورٹل ’آج تک‘)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔