واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے میڈیا سے کہا کہ روس کو یوکرین کے ساتھ معاملت کرنی ہوگی تاکہ وہاں دہشت ناک جنگ ختم ہوجائے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ وہ روسی صدر پوٹین سے فوری ملنا چاہیں گے۔
ہم جتنا جلد ممکن ہو ملاقات کریں گے۔ ہم نہیں چاہتے کہ میدان ِ جنگ میں روزانہ فوجی مارے جائیں۔ اوول آفس میں دستخط کے دوران انہوں نے یوکرین جنگ کو دوسری عالمی جنگ کے بعد سے ہلاکت خیز ترین جنگ قراردیا۔ ورلڈ اکنامک فورم(ڈبلیو ای ایف) سے آن لائن خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان امن قائم ہوجائے۔ لاکھوں فوجی مارے جارہے ہیں۔
میدان ِ جنگ اور کھیتوں میں ان کی نعشیں پڑی ہیں۔ میں صدر پوٹین سے جتنا جلد ہوسکے ملنا چاہوں گا۔ میں جنگ کا خاتمہ چاہتا ہوں۔ اس کا معاشی یا کوئی اور زاویہ نہیں ہے۔ لاکھوں انسانی زندگیوں کے اتلاف کے نقطہ ئ نظر سے اسے دیکھا جارہا ہے۔ خوبرو اور نوجوان لوگ میدان ِ جنگ میں مررہے ہیں۔
میں نے تصاویر دیکھی ہیں۔ ہمیں یہ جنگ رکوانی ہی ہوگی۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا یوکرینی صدر زیلنسکی بات چیت پر آمادہ ہیں‘ ٹرمپ نے جواب دیا کہ وہ اپنے کئی فوجی گنواچکا ہے‘ روس کا بھی ایسا ہی معاملہ ہے۔ روس نے زیادہ فوجی کھوئے ہیں۔
قبل ازیں ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر صدر پوٹین نے یوکرین جنگ ختم نہیں کی تو وہ روس پر بھاری ٹیکس اور مزید تحدیدات عائد کردیں گے۔ صدر ٹرمپ نے جمعرات کے دن کہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان امن کی کوششیں حوصلہ افزا ہیں۔
Photo Source: @MarioNawfal