واشنگٹن: امریکی صدر ٹرمپ نے روس یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے اقدامات اٹھانے کا پیغام دیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار سنبھالنے کے بعد پہلی بار کثیر مملکتی اجلاس سےخطاب کیا۔
ٹرمپ نے سویٹزرلینڈ کی داوس سمٹ میں ویڈیو کانفرس کے ذریعے شرکت کی۔انہوں نے اپنی انتظامیہ میں نافذ کی جانے والی پالیسیوں کا اشارہ دیتے ہوئے روس-یوکرین جنگ کا خاتمہ کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ: “ایک کام بہت اہم ہے، میں صدر پوتن سے فوری طور پر مل کر جنگ ختم کرنا چاہتا ہوں۔ نہ چیز نہ صرف معاشی اور دیگر وجوہات کی بنا پر ضروری ہے بلکہ لاکھوں انسانی جانوں کو بچانے کا ایک اقدام بھی ہے۔”
ٹرمپ نے کہا کہ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی بھی ایک معاہدے تک پہنچنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین ممالک کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ وہ اپنےسابقہ عہدِ صدارت میں شروع ہونے والی تجارتی جنگ کو مزید تیز کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ “ہمیں یورپی یونین کے ساتھ تجارت میں اربوں ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے اور کوئی بھی اس سے خوش نہیں ہے۔ ہم اس بارے کچھ نہ کچھ کریں گے۔ یورپی یونین کو بعض اقدامات اٹھانے میں جلدی کرنی ہو گی۔”
ٹرمپ نے کہا کہ “یورپی یونین ہمارے ساتھ برا سلوک کرتی ہے” تا ہم انہوں نے یورپی یونین کو مائع قدرتی گیس برآمد کرنے کے معاہدے کی راہ ہموار کر دی ہے۔
اپنے پہلے دور حکومت میں نیٹو کے ارکان کی طرف سے مساوی طور پر مالی تعاون فراہم کرنے کا تقاضا کرنے والے ٹرمپ نے اب رکن ممالک سے اپنے دفاعی اخراجات کو 5 فیصد تک بڑھانے کی اپیل کی ہے۔
کینیڈا بھی امریکی صدر کے ایجنڈے میں شامل تھا۔
ٹرمپ نے نشاندہی کی کہ ان کا کینیڈا کے ساتھ بڑا تجارتی خسارہ ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ اگر کینیڈا امریکی ریاست بن جاتا ہے تو خسارہ ختم ہو جائے گا۔