یوگی آدتیہ ناتھ مہا کمبھ میں ایک دن پوری کابینہ کے ساتھ نہانے کے بعد سیدھے دہلی آئے ہیں۔ انہوں نے کیجریوال کو چیلنج پیش کیا کہ کیا وہ اپنے وزراء کے ساتھ یمنا میں ڈبکی لگا سکتے ہیں؟
اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ دہلی انتخابات میں تشہیر کے لئے دہلی پہنچ گئے ہیں اور وہ ہندوتواکی پچ پر آکر ووٹ مانگ رہے ہیں۔انہوں نے کیجریوال کو چیلنج پیش کرتے ہوئے کہا’ کیا وہ اپنے وزراء کے ساتھ دہلی میں یمنا میں اسی طرح نہا سکتے ہیں جس طرح وہ اپنے وزراء کے ساتھ سنگم میں نہائے تھے ۔ وزیر اعلیٰ یوگی نے کیجریوال کو یہ چیلنج بھی کیا کہ جو پجاریوں کو بھتہ دینے کا وعدہ کرتے ہوئے عقیدے کے احترام کی بات کرتے ہیں، وہ حساب دیں کہ دہلی میں کتنے مندروں کو خوبصورت بنایا گیا ہے۔ کیا یوگی آدتیہ ناتھ کے یہ دو چیلنج دہلی کی سیاست میں کیجریوال کے لیے مشکلات پیدا کریں گے؟
دہلی انتخابات میں ووٹنگ سے 12 دن پہلے درجہ حرارت تیز ہو گیا ہے اور دہلی میں ’بٹوگے تو کٹوگے‘ جیسے نعروں کا داخلہ ہو گیا ہے۔ جہاں ہندو ووٹ حاصل کرنے کی پوری کوشش کرنے والے کجریوال کا سامنا یوگی آدتیہ ناتھ سے ہے، جو پروپیگنڈہ جنگ میں ہندوتوا کو لے کر اپنے مخالفین پر کھل کر حملہ کرتے ہیں۔پریاگ راج میں یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ کے روز اپنے 54 وزراء کے ساتھ سنگم میں ڈبکی لگائی اور دہلی انتخابات کی مہم چلاتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ نے کیجریوال کو سیدھا سیدھا للکارا۔ یوگی نے کہا کہ اگر وزیر اعلی کے طور پر وہ اور ان کے وزراء سنگم میں نہا سکتے ہیں تو کیا کیجریوال بھی اپنے وزراء کے ساتھ یمنا میں نہا سکتے ہیں؟ ان میں ہمت ہے تو جواب دیں۔
واضح رہے کہ اروند کیجریوال کو دہلی میں یمنا سے لے کر ایودھیا کے سریو اور دیگر مقامات پر ندیوں کے کنارے آرتی کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے، لیکن ان کی آخری ویڈیو 2014 کی ہے۔ جب کیجریوال نے لوک سبھا انتخابات میں وارانسی سے نریندر مودی کے خلاف مقابلہ کیا تھا۔ اس موقع پر کیجریوال نے کاشی میں گنگا میں ڈبکی لگائی۔
یوگی آدتیہ ناتھ خود اپنے وزراء کے ساتھ سنگم میں نہائےاور پھر کجریوال کو چیلنج کیا کہ وہ دہلی میں دریائے یمنا میں ڈبکی لگائیں ۔ یوپی حکومت کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، جو مہا کمبھ کا اہتمام کر رہے ہیں اور دہلی میں ہندو ووٹوں کی تقسیم کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں اسی لئے وہ یمنا کی صفائی کے معاملے پر کیجریوال کو گھیررہے ہیں ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ یوگی نے کیجریوال پر حملہ کرتے ہوئے عوام سے پوچھا کہ کیا یمنا ندی کو گندے نالے میں تبدیل کرنے کا جرم ہوا ہے یا نہیں، اگر وہ شخص اس میں قصوروار ہے ، مجھے نہیں لگتا کہ اسے عوام کی عدالت میں معافی ملنی چاہیے۔
واضح رہے کہ 2020 کے انتخابات میں بھی وزیر اعلیٰ یوگی نے دہلی میں چار دنوں میں 14 ریلیاں کی تھیں، تب دہلی کا ماحول شاہین باغ اور شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت کی وجہ سے فرقہ پرستی سے لبریز تھا۔واضح رہے کہ اس ماحول میں وزیر اعلیٰ یوگی نے جن 14 سیٹوں پر انتخابی مہم چلائی تھی، وہاں بی جے پی کی کارکردگی 2015 کے مقابلے بہت بہتر ہوئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔