محمد حمید صدیقی کی کتاب، مطالعہ قرآن کے باب میں اہم اضافہ

حیدرآباد: قرآن مجید فرقان حمید کی مشہور و معروف تفاسیر لغوی، فقہی اور مذہبی نقطہ نظر سے لکھی گئیں ہیں، گزشتہ دو صدیوں کے دوران دنیا میں عظیم علمی و سائنسی انقلابات نے انسان کو چاند پر پہنچا دیا ۔

اس صورت حال میں قرآن مجید کی وہ آیات جو انفس و آفاق کے بارے میں وارد ہیں ان کا بیان اور جدید سائنسی ایجادات و تحقیقات کی روشنی میں ان کی تشریح کی شدت سے کمی محسوس کی جانے لگی ہے ایسے میں جامعہ عثمانیہ کے شعبہ معاشیات کے پہلے پروفیسر اور دارالترجمہ کے ناظم حضرت علامہ پروفیسر الیاس برنی رحمۃاللہ علیہ کے نواسے جناب حمید صدیقی پریسیڈنٹ پری سائنس انرجی ٹرانسفارمیشن کنسلٹنگ .inc یو یس اے کی معرکۃ الآراء تصنیف The Clear Sings of The Quran قرآن مجید کی سائنسی تفسیر و تشریح مطالعہ قرآن میں ایک نۓ اور اہم باب کا اضافہ ہے۔

 الانصار فاؤنڈیشن حیدرآباد کے زیر اہتمام جامع مسجد خواجہ گلشن مہدی پٹنم میں “قرآن مجید ایک زندہ معجزہ، سائنسی انکشافات کی روشنی میں” کے زیر عنوان جمعہ کو بعد نماز عشاء منعقدہ علمی محفل میں علماء اور دانشوروں نے ان خیالات کا اظہار کیا بین الاقوامی شہرت یافتہ قاری نور القراء حضرت مولانا حافظ و قاری محمد نور نقشبندی امام جامع مسجد فتح شاہ کی قرأت اور نوجوان انجینئر سید فاضل نقشبندی کی نعت پاک سے محفل کا آغاز ہوا۔

 حضرت علامہ پروفیسر سید علیم اشرف جائسی صدر شعبۂ عربی مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے صدارت فرمائی، ترجمان قادریت حضرت علامہ حافظ ڈاکٹر سید رضوان پاشا قادری صدر نشین دی قرآن اکیڈمی نے اظہار خیال فرمایا حضرت مولانا قاضی ابواللیث شاہ محمد غضنفر علی قریشی اسد ثنائی صدر نشین الانصار فاؤنڈیشن نے تعارفی تقریر کرتے ہوئے کہا کہ جناب حمید صدیقی ایک معزز علمی گھرانے کے فرد فرید ہیں۔

 انہوں نے جامعہ عثمانیہ سے کیمیکل انجینئرنگ کی اور آئ آئ ٹی بنارس سے ڈگری حاصل کی پھر اسٹینفورذ یونیورسٹی سے پٹرولیم انجینئرنگ اور بزنس مینجمنٹ میں اعلی تعلیم حاصل کی، صدیقی صاحب نے سائنس اور ہیومانیٹیز کے مختلف شعبہ جات سے متعلق متعدد علمی مضامین میں اپنا تحقیقی کام انجام دیا ہے جو اخلاقیات، سماجیات، کائنات،اسلام کے منظور شدہ افعال و طریقوں اور قصص الانبیاء میں مذکور واقعات سے متعلق قرآن مجید کی واضح نشانیوں کو منظر عام پر لاتا ہے، صدیقی صاحب کو صدر جمہوریہ ہند نے اچھے اخلاق اور میرٹ سرٹیفکیٹ سے نوازا ۔

علاوہ ازیں انہوں نے امریکہ میں سائنس اور انجینئرنگ کے شعبے میں البرٹ نیلسن مارکوئس لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بھی حاصل کیا، مہمان خصوصی جناب محمد حمید صدیقی نے اپنے کلیدی خطاب میں اپنی کتاب The Clear Sings of The Quran کا مکمل تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ میری یہ تحقیق پچیس(25) سے زائد شعبوں کو محیط ہے جس میں فلکی طبیعیات،کائنات کی پیدائش، جلد کے نقوش کا مطالعہ، آفاقیات، جنین کا مطالعہ، علم توالد و تناسل، ارضی طبیعیات، ابراہیمی انبیاء کی تاریخ، اسلام کا قانون وراثت، قرآن کی لسانی ہم آہنگی، قرآن مجید کے ناقابل ترمیم شواہد، بحری جغرافیہ، گزشتہ مقدس کتابوں میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد کی پیشین گوئیاں، جنوں کی حقیقت اور زمان و مکان سے متعلق قرآنی نظریہ بھی شامل ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کی تحقیقات و تفسیرات و تشریحات قرآن کریم کے اعجاز کو ثابت کرتی ہیں، انہوں نے The Clear Sings of The Quran کے عربی اور اردو ترجمہ کی اشاعت کے عزم کا بھی اظہار کیا آخر میں صدیقی صاحب نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ قرآن سے تعلق مضبوط رکھیں کہ قرآن ہی دنیوی اور اخروی ترقی کا راز ہے قبل ازیں الانصار فاؤنڈیشن اور مجلس انتظامی جامع مسجد خواجہ گلشن کی جانب سے جناب محمد حمید صدیقی کی عبا پوش، شال پوشی اور گلپوشی کی گئی۔

 مفسر قرآن مؤرخ جامعہ نظامیہ حضرت علامہ ڈاکٹر شاہ محمد فصیح الدین نظامی سابق مہتمم کتب خانۂ جامعہ نظامیہ، انیس ملت حضرت علامہ ابو عمار عرفان اللہ شاہ نوری سیفی صدر نشین مرکزی انجمن سیف الاسلام، مفسر قرآن حضرت علامہ ڈاکٹر سید وحید اللہ ملتانی قادری پروفیسر ہنری مارٹن انسٹیٹیوٹ، مفسر قرآن حضرت علامہ مفتی حافظ محمد وجیہ اللہ سبحانی نقشبندی امام جامع مسجد محبوبیہ نے بحیثیت مہمانان اعزازی اور ممتاز شاعر و ادیب جناب مصحف اقبال توصیفی اور جناب رئیس الدین احمد نے خصوصی مدعوئین کی حیثیت سے شرکت کی اس خوبصورت اور یادگار علمی محفل کا صلوۃ و سلام اور حضرت علامہ شاہ محمد فصیح الدین نظامی کی دعا پر اختتام عمل میں آیا سامعین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *