کیسے پکڑا گیا سیف علی خان پر حملہ کرنے والا ملزم۔ پولیس تحقیقات میں انکشاف

ممبئی: بالی وڈ کے معروف اداکار سیف علی خان پر 16 جنوری کی رات تقریباً 2 بجے حملہ کیا گیا۔ حملہ آور نے سیف علی خان پر چاقو سے کئی وار کیے جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے۔ زخمی حالت میں سیف علی خان اپنے بیٹے کے ساتھ ممبئی کے لیلاوتی ہاسپٹل پہنچے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق اداکار کی پیٹھ اور ریڑھ کی ہڈی پر چاقو کے کئی وار کیے گئے اور اگر بروقت علاج نہ کیا جاتا تو وہ مستقل طور پر معذور ہو سکتے تھے، خوش قسمتی سے وہ بال بال بچ گئے۔

 

پولیس نے اس کیس میں ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جس کا نام محمد شریف الاسلام شہزاد ہے۔ پولیس نے اسے ممبئی سے گرفتار کیا اور اس نے اعتراف کیا کہ اسی نے سیف علی خان پر حملہ کیا تھا۔ پولیس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ شہزاد بنگلہ دیش کا رہائشی ہے اور گزشتہ چار ماہ سے اس نے اپنا نام بدل کر بوجو داس رکھ لیا تھا اور ممبئی میں چھپ کر رہ رہا تھا۔ ملزم پانچ دن تک پولیس کی حراست میں رہے گا۔

 

پولیس کے مطابق ملزم کو ایک معمولی غلطی کی وجہ سے پکڑا گیا کیونکہ اس نے ایک اسٹال پر پراٹھے اور پانی کی بوتل خریدنے کے لئے G-Pay کا استعمال کیا تھا جس سے پولیس نے اس کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کیا۔اداکار سیف علی خان کی صحت کے تعلق سے کرینہ کپور کے رشتے کے بھائی جہان کپور نے میڈیا کو بتایا کہ وہ محفوظ ہیں اور صحت یاب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا “ابھی تک کسی کو صحیح معلومات نہیں ہیں لیکن میں خوش ہوں کہ وہ خطرے سے باہر ہیں۔”

 

ممبئی کی عدالت نے 19 جنوری 2025 کو سیف علی خان پر حملہ کرنے والے ملزم کو 24 جنوری تک پولیس کی حراست میں بھیج دیا ہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ پولیس کی جانب سے بین الاقوامی سازش کی تحقیقات کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم نے سیف علی خان کے گھر میں داخل ہو کر چوری کی کوشش کی تھی اور ان پر اور ان کے عملے پر حملہ کیا تھا۔

 

مہاراشٹرا کے ڈپٹی چیف منسٹر اجیت پوار نے کہا کہ “ملزم کو یہ معلوم نہیں تھا کہ وہ ایک بالی وڈ اداکار کے گھر میں داخل ہو رہا ہے بلکہ اسے بتایا تھا کہ اس علاقے میں صرف امیر لوگ رہتے ہیں۔”

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *