راشن کارڈس کی اجرائی کے لئے 6لاکھ خاندانوں کی نشاندہی

حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے نئے راشن کارڈس کیلئے مراعات سے محروم 6لاکھ خاندانوں کی نشاندہی کی ہے جو کارڈس کے لئے اہل پائے گئے۔ اِس سلسلہ میں فہرست ریاست کے تمام ضلعی نمائندوں کو بھیجی گئی ہے۔

حکومت پیر سے اِس ماہ کی 24 تاریخ تک گرام سبھائیں اور بستی سبھا اجلاس منعقد کرتے ہوئے اعتراضات قبول کرے گی بعدازاں کلکٹر کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر قطعی فہرست کی تصدیق کی جائے گی۔

تلنگانہ میں راشن کارڈس کی اجرائی سے کانگریس حکومت کی جانب سے کئے گئے وعدے کے مطابق دیگر اسکیمات بشمول آروگیاشری، 200 یونٹ تک مفت بجلی، 500 روپے میں گیس سلنڈر اور طلبہ کے لئے فیس ری ایمبرسمنٹ میں مدد ملے گی۔

ان کارڈس اور دیگر اسکیمات کے لئے اہلیت کا تعین حال ہی میں کئے گئے گھریلو جامع سروے کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ یہ سروے گزشتہ سال نومبر میں کیا گیا تھا۔ ابتدائی فہرست کے مطابق حیدرآباد میں سب سے زیادہ اہل خاندان ہیں۔

ریاست دارالحکومت میں 83,285 خاندان ہیں، جبکہ ونپرتی ضلع میں سب سے کم 6647 خاندان ہیں جو نئے راشن کارڈس کے لئے اہل قرار دئے گئے۔ 26جنوری کو حکومت کی جانب سے جو 4 اسکیمات شروع کی جارہی ہیں، ان میں نئے راشن کارڈس کی اجرائی اور اندراماں مکانات کی منظوری شامل ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *