نظام آباد: 17/جنوری (اردو لیکس) تبلیغی جماعت نظام آباد مرکز کے زیر اہتمام متحدہ اضلاع نظام آباد و میدک پر مشتمل سہ روزہ اجتماع بتاریخ 19,20اور 21/ جنوری بمقام سابقہ سی آر پی کیمپ سارنگ پور بودھن نظام آباد پر انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ اجتماع گاہ تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ اجتماع گاہ کیلئے 50 ایکر اراضی پر مشتمل اور دو مقامات پر گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے 26 ایکر اراضی کو مسطح کی گئی ہیں۔ ہزاروں کی تعداد مین فرزندان توحید کی آمد کے پیش نظر وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ اجتماع میں شرکت کرنے والوں کیلئے خصوصی طور پر قیام و طعام کا نظم، وضو خانے، غسل خانے، بیت الخلاء کا نظم کیا گیا ہے۔ اجتماع کے منتظمین نے شرکا کیلئے ہر ممکن سہولتوں کی فراہمی کا خیال کرتے ہوئے 8 طعام خانے و چائے خانے قائم کئے ہیں۔ گاڑیوں کی پارکنگ اور اجتماع گاہ میں آمد کیلئے بودھن روڈ کی جانب سے 4 داخلی راستوں کے علاوہ جنا پلی روڈ کی جانب سے بھی راستے کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور ٹرافک کے نظام کو بہتر بنانے کے اقدامات بھی کئے گئے۔ تبلیغی اجتماع کا آغاز بتاریخ 19/ جنوری بروز اتوار بوقت نماز ظہر کی ادائیگی کے ساتھ کیا جارہا ہے۔ بعد نماز ظہر، عصر اور نماز عشاء کی ادائیگی تک علماء کرام کے بصیرت افروز کے بیانات ہوں گے۔ اسی طرح دوسرے دن نماز فجر کی ادائیگی کے بعد بیان ہوگا اور اسی دن بعد نماز ظہر، عصر اور مغرب و عشاء تک علماء کرام کے بیانات ہوں گے۔ اجتماع کے تیسرے و آخری دن منگل 21/ جنوری کو نماز فجر کے بعد بیان ہوگا اور اسی دن نماز ظہر کی ادائیگی سے قبل دعا ہوگی اور ظہر کی نماز کی ادائیگی کے فوری بعد اجتماع کا اختتام ہوگا۔ اجتماع گاہ کی منتظمین نے بتایا کہ اجتماع کے موقع پر منی بازار تاجرین کیلئے انعقاد شان باغ میں قائم کیا جارہا ہے اجتماع گاہ کے مقام پر واقع مسجد ثریا انصاری استقبالیہ کمیٹی کا دفتر قائم کیاگیا ہے اور مسجد ثر یا انصاری میں روزآنہ پنچ وقتہ نمازوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ مسجد ثریا بروز پیر کو بعد عصر نکاح کی مجلس بھی منعقد ہوگی۔ نظام آباد شہر میں موجود تبلیغی جماعت کے مرکز سے وابستہ 15جماعتی حلقوں کو اجتماع کے انعقاد کی ذمہ داریاں تفویض کردی گئیں۔ تبلیغی جماعت کا 10 واں اجتماع 21 / جنوری تا 23/ جنوری 2025 کو عادل آباد و کریم متحدہ اضلاع پر مشتمل اجتماع عادل آباد میں ہونے جارہا ہے۔