تہران: ایران کی بحریہ نے جمعرات کو اپنے بحری بیڑے میں نئے بحری کروز میزائل سسٹم اور دیگر دفاعی اور اسٹریٹجک آلات شامل کیے ہیں۔
تسنیم خبر رساں ادارے کے مطابق، ایران نے جنوبی صوبے ہرمزگان میں ایک تقریب کے دوران اپنی بحریہ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نئے فوجی سازوسامان اور سسٹم حوالے کیے ہیں۔اس تقریب کا اسٹریٹجک جیسک بندرگاہ کے قریب واقع آبنائے ہرمز کے نزدیک ایک نئے سمندری علاقے کے افتتاح کے موقع پر انعقاد کیا گیا ۔
فراہم کیے جانے والے فوجی سازوسامان میں طلائیہ (گولڈن) نیول کروز میزائل سسٹم، ایک اسمارٹ بغیر پائلٹ کے زیرِ آب گاڑی، ایک کم ریڈار کراس سیکشن ایئر ڈیفنس سسٹم، الیکٹرانک اور سائبر وارفیئر سسٹم، تیز حملہ کرنے والے طیارے، سطح سے سطح پر مار کرنے والے میزائل اور ابابیل-5 کثیر مقصدی اسٹریٹجک ڈرون شامل ہیں۔
یہ تمام ہتھیار اور سازوسامان ایران کی فوجی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ علاقائی سلامتی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف محمد باقری کے حوالے سے بتایا کہ ملک کی بحریہ اپنے ضروری آلات کے ایک بڑے حصے کی تیاری میں خود کفیل ہے۔