غزہ: اسرائیل اور حماس نے ایک تاریخی جنگ بندی معاہدے پر اتفاق کیا ہے جس کے بعد غزہ کی جنگ کے اختتام کی امیدیں روشن ہو گئی ہیں۔ یہ معاہدہ امریکہ کی حمایت سے مصر اور قطر کی ثالثی میں ہونے والے کئی مہینوں کے مذاکرات کے بعد طے پایا ہے۔ معاہدہ 20 جنوری کو امریکی منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری سے عین قبل کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق معاہدہ دونوں فریقوں کی طرف سے غزہ میں جنگ بندی اور اسرائیلی یرغمالیوں کے فلسطینی قیدیوں کے تبادلے پر مبنی ہے۔ اس معاہدے کے نتیجے میں ممکنہ طور پر 15 ماہ سے جاری جنگ کا خاتمہ ہو سکتا ہے، جس نے مشرق وسطیٰ کو انتشار میں مبتلا کر رکھا تھا۔
معاہدے میں چھ ہفتے کی ابتدائی جنگ بندی کا مرحلہ، اسرائیلی افواج کا بتدریج انخلا، حماس کے ہاتھوں یرغمالیوں کی رہائی اور اسرائیل کے زیر حراست فلسطینیوں کی رہائی شامل ہے۔
اس معاہدے کے نتیجے میں نہ صرف جنگ کا خاتمہ ہو سکتا ہے بلکہ اس کے ذریعے مشرق وسطیٰ میں امن کی بحالی کی ایک نئی راہ بھی کھل سکتی ہے۔ عالمی برادری کی نظریں اس معاہدے کی کامیابی پر مرکوز ہیں۔