جدہ – 15 جنوری ( عرفان محمد ) سعودی عرب میں تلگو برادری نے مرکزی وزیر برائے معدنیات جی کشن ریڈی کا شاندار استقبال کیا، جو معدنیات کے مستقبل پر ہونے والے ایک بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے وہاں پہنچے تھے۔ یہ کانفرنس ریاض میں منعقد ہوئی۔
ریاض میں چہارشنبہ کی رات منعقدہ ایک استقبالیہ تقریب میں کشن ریڈی نے کہا کہ سعودی عرب میں بھارتی باشندے، خاص طور پر تلگو کمیونٹی، صرف روزگار تک محدود نہیں ہیں بلکہ وہ تجارت اور صنعت کے شعبوں میں بھی ترقی کر رہے ہیں، جو خوش آئند ہے۔
کشن ریڈی نے بتایا کہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ دہلی میں سنکرانتی کا جشن منا رہے تھے جب وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر تجارت پیوش گوئل نے ان کے گھر آکر جشن میں شرکت کی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اور سعودی عرب کے مضبوط تعلقات کے پیش نظر ان کا یہ دورہ بہت اہم ہے۔ انہوں نے تلگو برادری کے ساتھ سنکرانتی کا جشن منانے پر خوشی کا اظہار کیا۔
تقریب میں ،سعودی عرب میں موجود اہم تلگو تنظیم ساٹا سینٹرل کے نمائندے، جیسے رنجیت، مزمل ، سچریتا، آنند راجو، اور پوکوری آنند، کے ساتھ تلگو کلا کشترا کے صدر ریول انتھونی، وجے چودھری، اور تلگو ایسوسی ایشن آف سعودی عرب (تاسا) کے صدر سورن تیرپتی سوامی نے اس پروگرام میں شرکت کی۔
اس کے علاوہ اردو ٹوسٹ ماسٹرز کے نمائندے موںین،کے این واصف، اور ڈاکٹر اشرف بھی موجود تھے۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے معروف شخصیت سلطان مظہر الدین اور ملک کے دیگر حصوں سے آئے ہوئے کئی اہم شخصیات نے بھی اس تقریب میں حصہ لیا۔
وزیر نے تقریباً 20 منٹ کا خطاب کرنے کے بعد دو گھنٹے تک تلگو برادری کے ساتھ وقت گزارا، جو کمیونٹی کے لیے ایک خاص موقع تھا۔
اس موقع پر کشن ریڈی نے “پروواسی بھارتیہ سمان” ایوارڈ حاصل کرنے والے ڈاکٹر خورشید انور کو تہنیت پیش کی۔ یہ تقریب حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے تاجر محمد نعیم الدین نے بھارتی سفارت خانے کے تعاون سے منعقد کی، اور میزبانی کے فرائض موبین نے انجام دیے۔