گزشتہ دنوں ممبئی کے مضافات مسلم اکثریتی علاقہ بھارت نگر باندرہ،ممبئی میں آتشزدگی کا معاملہ پیش آیا ،اور تین درجن سے زائد جھونپڑے جل کر خاکستر ہوگئے,جس میں غیرمسلموں کے بھی جھونپڑے ہیں ۔
ملی اطلاع کے مطابق آگ کی شدت کا عالم یہ تھا کہ مکینوں کے بدن کے کپڑے کے علاوہ کوئی بھی سامان نہیں بچا،حتی کہ ان کے قیمتی دستاویزات بھی نذر آتش ہوگئے ۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مفتی محمد یوسف قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے صدر محترم مولانا حلیم اللہ قاسمی کے مشورے سے مقامی یونٹ کے صدر قاری احکام سے رابطہ قائم کر کےمقامی ذمہ داران کے ساتھ جائے حادثہ پر پہونچ کر متاثرین کی فوری امداداور نقصانات کی رپورٹ تیار کرکے ریاستی دفتر کو ارسال کرنے کی ہدایت دی ۔
حسب ہدایت انہوں نے مقامی یونٹ کے ذمہ داروں پر مشتمل ایک وفد کےساتھ جائے حادثہ کا سروے کیا ،اور اپنی سروے رپورٹ سے ریاستی ذمہ داروں کو مطلع کیا ۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے ذمہ داران نے وفد کی سروے رپورٹ کی روشنی میں عبوری امداد کے طور پر 40/ متاثرہ خاندانوں میں روز مرہ کے استعمال کے گھریلو سامان دینےکا فیصلہ کیا ۔اورآج بروز منگل 14/جنوری کو مقامی ذمہ داروں کی موجودگی میں ریاستی وفد نے متاثرین کے درمیان مذکورہ سامان تقسیم کیا ۔
اس موقع پر مولانا حلیم اللہ قاسمی صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر ،مفتی محمد یوسف قاسمی جنرل سیکرٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر ،مولانا اشتیاق احمد قاسمی خازن جمعیۃ علماء مہاراشٹر،مفتی حفیظ اللہ قاسمی ناظم تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر ،حکیم فہیم الدین خان جنرل سیکرٹری جمعیۃ علماء سینٹرل زون ممبئی،قاری احکام صدر جمعیۃ علماء بھارت نگر باندرہ، مولانا حبیب الرحمٰن قاسمی صدر جمعیۃ علماء کاجوپاڑہ کرلا اور حافظ نورالدین خان رکن جمعیۃ علماء مہاراشٹر وغیرہ قابلِ ذکر ہیں۔