راہل گاندھی نے سیلم پور میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے مودی اور کیجریوال کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ میں جب بھی ذات پر مبنی مردم شماری کی بات کرتا ہوں تو وہ دونوں کچھ نہیں بولتے۔
بہار کانگریس کے سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی شکیل احمد خان نے منگل (14 جنوری) کو عام آدمی پارٹی کے کنویز اور دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو سخت انداز میں تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اروند کیجریوال کو کانگریس کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے۔ وہ جب پیدا بھی نہیں ہوئے تھے تب کانگریس کے لوگ انگریزوں کی لاٹھیاں کھا رہے تھے۔ انگریزوں کے خلاف محاذ آرائی کر رہے تھے۔ کانگریس کے لوگ کبھی بھی انگریزوں سے نہیں ڈرے۔ شکیل احمد خان نے کیجریوال کو جاہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ بات سمجھ نہیں آئے گی کہ کانگریس کا مطلب ہی ملک ہے۔ اروند کیجریوال اور وزیر اعظم ابھی تک کانگریس کو سمجھ نہیں پائے ہیں۔
کانگریس لیڈر شکیل احمد خان نے کیجریوال کو بڑبولا انسان بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں کچھ سمجھ میں نہیں آ رہا ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ اس ملک میں کانگریس کے نام پر 6 لاکھ گھروں میں چراغ جلتا ہے۔ کانگریس ہمارے آبا و اجداد کی پارٹی ہے۔ لیکن جاہل لوگوں کو اس پارٹی کے بارے میں کچھ نہیں معلوم ہے، جو منہ میں آتا ہے وہ بول جاتے ہیں۔
واضح ہو کہ پیر (13 جنوری) کو کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے دہلی کے سیلم پور میں ’جے باپو، جے بھیم، جے سنویدھان‘ عنوان کے تحت منعقد عوامی جلسہ سے خطاب کیا تھا۔ انہوں نے جلسہ عام میں وزیر اعظم نریندر مودی اور اروند کیجریوال کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ راہل گاندھی نے کہا تھا کہ میں جب بھی ذات پر مبنی مردم شماری کی بات کرتا ہوں تو مودی اور کیجریوال کچھ بھی نہیں بولتے۔ مودی اور کیجریوال میں کوئی فرق نہیں ہے کیونکہ دونوں صرف جھوٹے وعدے کرتے ہیں۔ راہل گاندھی نے اروند کیجریوال پر کئی ایشوز کو لے کر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ بدعنوانی کی باتیں تو بہت کرتے ہو لیکن دہلی میں جو بدعنوانی ہوئی ہے اس پر کچھ نہیں بولتے ہو۔ اب آپ ان ایشوز پر بولنے سے بچتے ہو جسے کسی بھی قیمت پر قبول نہیں کیا جا سکتا ہے۔ ساتھ ہی راہل گاندھی نے کہا تھا کہ اگر کانگریس دہلی میں برسراقتدار ہوئی تو بدعنوانی کا خاتمہ کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی پر پلٹوار کرتے ہوئے اروند کیجریوال نے کہا کہ میں راہل گاندھی کو سمجھتا ہوں۔ وہ کانگریس کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں جب کہ میں ملک کو بچانے کی کوشش کر رہا ہوں۔ ساتھ ہی کیجریوال نے کانگریس پر یہ بھی الزام لگایا کہ دہلی میں عآپ کو ہرانے کے لیے بی جے پی اور کانگریس کے درمیان گٹھ جوڑ ہے۔ واضح ہو کہ کیجریوال کے ذریعہ کانگریس پارٹی پر لگائے گئے مذکورہ الزامات کے جواب میں ہی کانگریس لیڈر شکیل احمد خان نے ان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔