جاپان میں زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاری

نئی دہلی: جاپان میں حالیہ زلزلہ نے عوام میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔ یہ زلزلہ جاپان کے کیوشو شہر میں آیا اور اس کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ بڑی تعداد میں لوگ اپنے گھروں سے باہر نکلنے پر مجبور ہو گئے۔ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 6.9 درج کی گئی ہے، جس سے سونامی کے خطرات بھی لاحق ہو گئے ہیں۔

 

مقامی ذرائع کے مطابق کئی علاقوں کے لیے سونامی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ تاہم اس زلزلے کی وجہ سے ابھی تک کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ یوروپین میڈیٹیرینین سسمولوجیکل سنٹر نے بتایا کہ زلزلے کی گہرائی 37 کلومیٹر تھی۔ جاپان میں زلزلوں کی نگرانی کرنے والی ایجنسی این ای آر وی نے اس بات کی تصدیق کی کہ زلزلہ ہیوگا-ناڈا ساگر میں آیا۔

 

جاپان کی موسمیاتی سائنس ایجنسی نے اطلاع دی کہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 9.29 بجے میاجاکی علاقے میں آیا۔ اس کے بعد، میاجاکی اور کوچی علاقوں کے لیے سونامی الرٹ جاری کر دی گئی ہے۔ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ساحلی علاقوں سے دور رہنے کی درخواست کی گئی ہے۔

 

یہ زلزلہ جاپان کے قدرتی آفات کے حوالے سے حساس علاقے میں آیا ہے، جہاں ماضی میں بھی شدید زلزلے اور سونامیز آچکے ہیں۔ حکام نے فوراً امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور عوام کو ہر قسم کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی نصیحت کی ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *