آتشی نے اتوار (12 جنوری) کو پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران عطیہ کے لیے ایک آن لائن لنک جاری کیا تھا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ انہیں انتخاب لڑنے کے لیے 40 لاکھ روپے کی ضرورت ہے۔
کالکاجی حلقہ اسمبلی سے انتخابی میدان میں اترنے والی دہلی کی وزیر اعلیٰ اور عآپ لیڈر آتشی نے اتوار کو صبح 10 بجے سے کراؤڈ فندنگ شروع کی تھی۔ پہلے ہی دن آتشی کو کراؤڈ فنڈنگ میں 17 لاکھ سے زیادہ کا عطیہ ملا۔ پہلے دن کی کراؤڈ فنڈنگ میں 336 لوگوں نے 17 لاکھ 38 ہزار 504 روپے کا آتشی کو عطیہ دیا۔ آتشی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس کی جانکاری پوسٹ کرتے ہوئے حامیوں کا شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ ’’میں واقعی میں پہلے دن اپنی کراؤڈ فنڈنگ مہم کو ملی ناقابل یقین کامیابی سے کافی خوش ہوں۔ 335 سے زائد خیرخواہوں نے اس مہم میں 17 لاکھ سے زیادہ کا تعاون دیا ہے۔ یہ بڑی کامیابی عام آدمی پارٹی کی صاف ستھری، ایماندار اور تبدیلی کی سیاست میں لوگوں کے اعتماد کو ظاہر کرتی ہے۔‘‘
واضح ہو کہ عآپ امیدوار آتشی نے اسمبلی انتخاب لڑنے کے لیے اتوار (12 جنوری) کو کراؤڈ فنڈنگ مہم شروع کی اور کہا کہ انہیں امید ہے کہ لوگ ان کی پارٹی کے کام اور ایمانداری کی سیاست کی حمایت کریں گے۔ آتشی نے پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران عطیہ کے لیے ایک آن لائن لنک جاری کیا تھا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ انہیں انتخاب لڑنے کے لیے 40 لاکھ روپے کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ عآپ نے ہمیشہ عام آدمی کے چھوٹے چھوٹے عطیات کی مدد سے انتخاب لڑا ہے جس کی وجہ سے اسے کام اور ایمانداری کی سیاست کرنے میں مدد ملی ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران جب آتشی سے پوچھا گیا کہ بی جے پی کا دعویٰ ہے کہ کیگ نے دہلی حکومت کی منسوخ کردہ آبکاری پالیسی کی وجہ سے 2026 کروڑ روپے کے نقصان کا اندازہ لگایا ہے۔ اس الزام کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دہلی میں 10 سال تک حکومت میں رہنے کے باوجود عآپ کے پاس بدعنوانی کا کوئی پیسہ نہیں ہے۔ ہم دہلی اور ملک کے لوگوں کی حمایت سے انتخاب لڑیں گے جیسا کہ گزشتہ انتخابوں میں کیا گیا ہے۔ پی جے پی پر طنز کستے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’شاید انہوں نے اپنے دوستوں اور سرکاری ٹھیکوں کے ذریعہ کافی پیسے جمع کر لیے ہیں اور انہیں انتخاب لڑنے کے لیے پیسوں کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ آتشی کے مطابق کسی وزیر اعلیٰ کے لیے بے ایمانی کے ذریعہ پیسہ اکٹھا کرنا آسان ہے لیکن عآپ ایسا کرنے سے انکار کرتی ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ بی جے پی نے کراؤڈ فنڈگ کے حوالے سے عآپ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ دہلی بی جے پی صدر وریندر سچدیوا نے کہا کہ 2013 سے انتخاب لڑ رہی عآپ اب اپنے 9ویں انتخاب میں حصہ لے رہی ہے۔ عآپ لیڈران کے کراؤڈ فنڈنگ کے ذریعہ انتخابی عطیہ جمع کرنے کے حوالے سے جو افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں اس سے دہلی کے لوگ حیران ہیں۔ ساتھ ہی بی جے پی صدر نے کہا کہ وہ جلد ہی الیکشن کمیشن سے درخواست کریں گے کہ وہ امیدواروں کے فنڈز کے ذرائع کی تصدیق کرے جو یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ انہوں نے کراؤڈ فنڈنگ کے ذریعے پیسے اکٹھے کیے ہیں اور ووٹنگ سے قبل ان تفصیلات کو لوگوں کے سامنے رکھیں۔ واضح ہو کہ دسمبر 2024 میں عآپ کے سینئر لیڈر اور جنگ پورہ سے پارٹی کے امیدوار منیش سسودیا نے بھی ایک کراؤڈ فنڈنگ پلیٹ فارم شروع کر کے انتخابی مہم کے لیے لوگوں سے مالی مدد کی درخواست کی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔