عآپ نے کہا ’’ایسا لگتا ہے کہ ہمارے پیچھے کچھ سازش رچی گئی ہے۔ کیا اودھ اوجھا کو نااہل قرار دینے کے لیے 7 تاریخ کو 6 تاریخ میں شِفٹ کیا گیا؟ ہم الیکشن کمیشن سے مل کر اسے درست کرنے کا مطالبہ کریں گے۔‘‘
دہلی اسمبلی انتخاب کے پیش نظر تمام سیاسی پارٹیوں نے جنگی پیمانے پر تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ نامزدگی کا عمل بھی شروع ہو گیا ہے۔ دریں اثنا عام آدمی پارٹی کی جانب سے ایک بڑی خبر نکل کر سامنے آ رہی ہے۔ دراصل پٹپڑ گنج حلقہ اسمبلی سے عآپ کے امیدوار اودھ اوجھا کا نام ابھی تک ووٹر لسٹ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے عام آدمی پارٹی کے کنویز اروند کیجریوال نے کہا کہ وہ اس سے متعلق آج الیکشن کمیشن سے ملنے جائیں گے۔ کیجریوال کے مطابق ’’آج دوپہر 3 بجے میں، وزیر اعلیٰ آتشی، پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان اور راگھو چڈھا کے ساتھ الیکشن کمیشن جاؤں گا۔‘‘
ووٹر لسٹ میں اودھ اوجھا کا نام نہ ہونے پر کیجریوال نے مزید کہا کہ ’’گریٹر نوئیڈا کے ووٹر پٹپڑ گنج کے ہمارے امیدوار اودھ اوجھا نے دہلی کے ووٹر بننے کے لیے درخواست دی تھی، لیکن انہیں ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ فارم 8 بھرنے کی آخری تاریخ 7 جنوری تھی اس کے لیے دہلی کے سی ای او نے ایک حکم جاری کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ آخری تاریخ 7 جنوری ہے۔‘‘
کیجریوال نے آگے کہا کہ ’’حالانکہ پُراسرار طور پر ایک اور حکم جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ آخری تاریخ 6 جنوری ہے جو کہ غیرقانونی ہے اور الیکشن کمیشن کی ہدایات کے خلاف ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ ہمارے پیچھے کچھ سازش رچی گئی ہے۔ کیا اودھ اوجھا کو نااہل قرار دینے کے لیے 7 تاریخ کو 6 تاریخ میں شِفٹ کیا گیا؟ ہم الیکشن کمیشن سے مل کر اسے درست کرنے کا مطالبہ کریں گے۔‘‘ ساتھ ہی کیجریوال نے کہا کہ ہم آج چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کریں گے اور ان سے مطالبہ کریں گے کہ اودھ اوجھا کا ووٹ دہلی میں منتقل کیا جائے تاکہ وہ اپنا پرچہ نامزدگی داخل کر سکیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔