کانگریس رکن پارلیمنٹ اکھلیش پرساد سنگھ نے کہا کہ دہلی میں برسراقتدار ہونے کی صورت میں کانگریس جمنا کنارے ’تہوار استھل‘ قائم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
نئی دہلی: دہلی اسمبلی انتخاب کے لیے جاری سرگرمیوں کے درمیان ایک طرف بی جے پی اور عآپ ایک دوسرے پر الزام تراشیاں کر رہی ہیں، دوسری طرف کانگریس لگاتار عوام کے حق میں منصوبوں کا اعلان کر رہی ہے۔ ’پیاری دیدی یوجنا‘ اور ’جیون رکشا یوجنا‘ کا اعلان کرنے کے بعد اب دہلی میں بسے پوروانچلوں کے تعلق سے کانگریس نے بڑا اعلان کیا ہے۔ پارٹی نے وعدہ کیا ہے کہ دہلی میں برسراقتدار ہوتے ہی مہاکمبھ کی طرز پر مہاچھٹھ تہوار میلہ منعقد کیا جائے گا۔
کانگریس سے راجیہ سبھا رکن اور بہار پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اکھلیش پرساد سنگھ نے دہلی واقع پارٹی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’پوروانچل کے لوگوں کا چھٹھ تہوار کے تئیں عقیدت کا احترام کرتے ہوئے کانگریس پارٹی عزم کرتی ہے کہ مہاکمبھ کی طرز پر چھٹھ تہوار منایا جائے گا۔ یہ چھٹھ کا دنیا میں سب سے بڑا انعقاد ہوگا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ چھٹھ تہوار میلہ کے لیے ایک بہت بڑی جگہ جمنا کنارے مقرر کی جائے گی اور اسے ضلع قرار دیاجائے گا۔ اس کا نام مشہور گلوکارہ شاردا سنہا کے نام پر شاردا سنہا گھاٹ رکھا جائے گا۔‘‘
اکھلیش پرساد سنگھ نے پریس کانفرنس میں بی جے پی اور عآپ پر پوروانچلیوں کی بے عزتی کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے پوروانچل کے لوگوں کا موازنہ روہنگیا اور بنگلہ دیشی دراندازوں سے کیا۔ عآپ کنوینر کیجریوال نے کہا کہ 500 روپے کا ٹکٹ کٹا کر یہ لوگ علاج کرانے دہلی آتے ہیں۔‘‘ کانگریس لیڈر نے اس درمیان ایک بڑی بات یہ بھی کہی کہ دہلی میں کانگریس کی حکومت بننے کی صورت میں وزیر اعلیٰ پوروانچل کا بھی ہو سکتا ہے۔
اکھلیش سنگھ نے سابق وزیر اعلیٰ آنجہانی شیلا دیکشت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے وقت راجدھانی میں جو ترقیاتی کام ہوئے، دہلی کے لوگ آج بھی انھیں یاد کرتے ہیں۔ دہلی کو بنانے میں پوروانچل کے لوگوں کا تعاون بھی ناقابل فراموش ہے، لیکن بی جے پی اور عآپ نے ان کو صرف ووٹ بینک کے نظریہ سے دیکھا۔ جب اقتدار حاصل کرنا ہوتا ہے تو انھیں پوروانچل کی یاد آتی ہے۔ کورونا کے دور کو یاد کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’’کورونا کے وقت پوروانچل کے لوگوں پر ظلم کیا گیا جسے کوئی بھولا نہیں ہے۔ انھیں در در کی ٹھوکریں کھانے کے لیے چھوڑ دیا گیا۔‘‘