حیدرآباد: حکومت آندھرا پردیش نے جمعرات کے روز تروپتی بھگدڑ واقعہ کے 6 مہلوکین کے ورثا کو فی کس25لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا۔ سری وینکٹیشورا مندر میں ٹکٹس کی تقسیم کے دوران کل رات پیش آئے بھگدڑ واقعہ میں 6 بھکت ہلاک ہوگئے تھے۔
رویا ہاسپٹل میں مہلوکین کے افراد خاندان سے وزارتی ٹیم کی ملاقات کے بعد ریاستی وزیر ریونیو اے ستیہ پرساد نے یہ اعلان کیا ہے۔ ایک وفد جس میں وزراء، انیتا، پارتھا سارتھی اور انم رام نارائن ریڈی شامل تھے، نے ایس وی آئی ایم ایس ہاسپٹل میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی۔
ان وزراء نے اس واقعہ کو بدبختانہ قرار دیا اور کہا کہ اس بات کی تحقیقات جاری ہیں کہ آیایہ واقعہ، عجلت کی کارروائی تھی یا رابطہ کے فقدان کا نتیجہ تھا۔ ریاستی وزیر داخلہ انیتا نے کہا کہ یہ جاننے کیلئے تحقیقات کی جارہی ہیں کہ یہ صرف واقعہ تھا یا سازش تھی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج سے یہ بات سامنے آجائے گی کس کی غلطی سے یہ واقعہ پیش آیا۔ اگر کسی کے تساہل کا ثبوت ملتا ہے تو متعلقہ خاطی افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کے اعادہ کو روکنے کیلئے ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ بعد پوسٹ مارٹم لاشوں کو مہلوکین کے آبائی ٹاونس روانہ کئے جائیں گے۔
مہلوکین میں وشاکھاپٹنم کے3، نرسی پٹنم کا ایک مابقی دو ٹاملناڈو، اور کیرالا کے افراد شامل ہیں۔ تروپتی میں وشنو نیواسم کے قریب کل رات بھگدڑ کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جبکہ 10جنوری سے شروع ہونے وائی لنٹہ ایکا داشی فیسٹول کے سلسلہ میں تروپتی دیواستھانم کی جانب سے قائم ایک کاونٹر میں ٹکٹس تقسیم کئے جارہے تھے۔