حیدرآباد کے پرانے شہر کی ترقی کے لئے مجلس کے ساتھ مل کر کام کریں گے – زو پارک فلائی اوور کی افتتاحی تقریب سے چیف منسٹر کا خطاب

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حیدرآباد کے پرانے شہر کی ترقی کے لئے مجلس کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اعلان کیا ہے چیف منسٹر نے بیرسٹر اسد الدین اویسی صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اور قائد مجلس مقننہ پارٹی جناب اکبر الدین اویسی کے علاوہ مجلسی ارکان مقننہ کے ساتھ مل کر پیر کی شام پرانا شہر کے بہادر پورہ میں آرام گھر تا زو پارک فلائی اوور کا رسمی طور پر افتتاح کیا۔

 

یہ فلائی اوور شہر حیدرآباد کا دوسرا سب سے بڑا فلائی اوور ہے جس کی مسافت 4.08 کیلو میٹر طویل ہے جس کی تعمیر پر تقریباً 800 کروڑ روپئے کے اخراجات عائد ہوئے ہیں۔ یہ فلائی اوور شہر حیدرآباد سے بنگلورو ہائی وے کی ٹریفک کے مسئلہ کو کافی حد تک ختم کرسکتا ہے۔

 

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس کے سابق چیف منسٹر آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے اپنے دور میں 11.5 کیلو میٹر طویل مسافت والے پی وی ایکسپریس فلائی اوور کو تعمیر کیا تھا اور اب تازہ طور پر کانگریس حکومت اقتدار میں آنے کے بعد حیدرآباد میں پی وی ایکسپریس کے بعد یہ دوسرا سب سے بڑا فلائی اوور تعمیر ہوا ہے۔ انہوں نے آرام گھر تا زو پارک کے اس فلائی اوور کو سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے نام سے موسوم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اقتدار میں آنے کے بعد ایک کے بعد دیگرے مسائل حل کرتے جارہے ہیں۔ گزشتہ ایک سال کے دوران شہر حیدرآباد کی ترقی کے ساتھ ساتھ تلنگانہ کی ترقی، سڑکوں کی توسیع، میٹرو کی تعمیر اور روزگار کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد کی ترقی کے ایک حصہ کے طور پر میٹرو ٹرین کو وسعت دینے کی شدید ضرورت ہے جس کے پیش نظر پرانا شہر کے کئی علاقوں سے میٹرو ٹرین کے کاموں کو شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسیٰ ندی کی صفائی اور اسے عصری حالت میں لانے کی بھی ضرورت ہے۔ یہ کام بھی شروع کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ شہر میں غیر مجاز قبضوں کی وجہ سے حیدرآباد کی خوبصورتی متاثر ہورہی ہے۔

 

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ شہر حیدرآباد کی ترقی کے لئے کانگریس اور مجلس مل کر کام کررہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتخابات کے وقت ہی سیاست ہوتی ہے۔ اپنے خطاب میں چیف منسٹر نے سابق صدر مجلس و سینئر پارلیمینٹرین سالارملت الحاج سلطان صلاح الدین اویسیؒ کی عوامی خدمات کو خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دو فرزندان اویسی برادرس بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے شہر حیدرآباد بالخصوص پرانا شہر کی ترقی کے لئے کام کررہے ہیں جو قابل ستائش ہے۔

 

چیف منسٹر نے کہا کہ عنقریب پرانا شہر کی ترقی اور دیگر مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں مجلس کے ارکان اسمبلی کے ساتھ ایک اجلاس طلب کیا جائے گا

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *